پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ مسلمانوں اور حکومت کی ذمہ داری ہے ‘طاہر محمود اشرفی

مقدس شخصیات کی توہین اور خاکے بنانے والوں کی تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذمت کرنی چاہیے ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 12 اگست 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) اسلام نے غیر مسلموں کے حقوق کا ہر سطح پر تحفظ کیا ہے ، پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ مسلمانوں اور حکومت کی ذمہ داری ہے ، پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کو انصاف ، تعلیم ، صحت اور مذہبی آزادی مکمل طور پر حاصل ہے ، مقدس شخصیات کی توہین اور خاکے بنانے والوں کی تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذمت کرنی چاہیے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مذاہب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر پادری سیموئل کھوکھر ، سردار بشن سنگھ ، مولانا عبد القیوم ، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا حبیب الرحمن عابد ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا اسد اللہ فاروق بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور استحکام میں مسلمانوں اور غیر مسلموں نے بنیادی کردار ادا کیا ہے ، مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کے قیام کیلئے پاکستان بنا تھا اور ہم امید کرتے ہیں کہ عمران خان پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد کریں گے جہاں پر ہر کسی کو حقوق ملیں اور انصاف ، تعلیم ، صحت سب کو میسر ہو ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ غیر مسلموں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے اور ہر طرح سے غیر مسلموں کے حقوق کے تحفظ کی کوشش کی ہے ، انہوں نے کہا کہ 10 نومبر کو ہالینڈ میں رسول اکرم ؐ کے توہین آمیز خاکوں کی نمائش فوری بند کرنے کا اعلان ہونا چاہیے ، اقوام متحدہ ، یورپی یونین کو اس پر ایکشن لینا چاہیے، اس طرح کے اقدامات انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو پروان چڑھاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں