ہیلتھ کیئر کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل کی فراہمی جاری رکھی‘ڈاکٹر حسن عسکری

صحت کے شعبہ کی بہتری او رعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور کام اہم نہیں ہوسکتا، متعلقہ اداروں کو عزم سے کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر کانگو وئراس سے بچائو کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 17 اگست 2018 19:57

ہیلتھ کیئر کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل کی فراہمی جاری رکھی‘ڈاکٹر حسن عسکری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ کی بہتری او رعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نگران حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملنی چاہئیں اور اس کیلئے متعلقہ حکام کو فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ ہسپتالوں میں صحت عامہ کی بروقت اور جدید سہولتوں کی رسائی عوام کا بنیادی حق ہے کیونکہ عوام کوصحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نگران حکومت نے ہیلتھ کیئر کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل کی فراہمی جاری رکھی اور اس ضمن میں اقدامات کو تیز کیا۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی ہرحکومت کی ذمہ داری ہے۔عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو جانفشانی اور عزم سے کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور کام اہم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجہ کیلئے 15 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے۔

انہوںنے کہا کہ اپنے محدود مینڈیٹ کے باوجود عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے کیونکہ عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل دینا ہر حکومت کا فرض ہے اور عوام کو صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل میں مزید اضافہ ہونا چاہیے ۔دکھی انسانیت کی خدمت عبادت ہے اورمستحق مریضوں کے مفت علاج معالجے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کے زخم پر مرہم رکھنا بہت بڑی نیکی ہے جس کا اجر نہ صرف دنیابلکہ آخرت میں بھی ملتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر کانگو وئراس سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور جہاں بھی کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہو وہاں فی الفور تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں اور مویشی منڈیوں کی خصوصی سکریننگ کرتے ہوئے جراثیم کش سپرے کیا جائے اور عالمی ادارہ صحت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیوسٹاک احتیاطی تدابیر اور وائرس سے بچائو کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں