نوازشریف کی جیل میں تصویرکا معاملہ،انکوائری رپورٹ جاری

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت5 افسران معطل، انکوائری کمیٹی نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات کوبری الذمہ قراردے دیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 ستمبر 2018 19:56

نوازشریف کی جیل میں تصویرکا معاملہ،انکوائری رپورٹ جاری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) حکومت کی 2 رکنی کمیٹی نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سعید اللہ گوندل سمیت 5 افسران کومعطل کردیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی جیل خانہ جات نوید راؤف بری الذمہ قراردے دیا گیا ہے، افسران کواڈیالہ جیل میں نوازشریف کے ساتھ حنیف عباسی کی تصویر وائرل ہونے پرمعطل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی رہائی کے موقعے پراڈیالہ جیل سے حنیف عباسی جوکہ انسداد منشیات عدالت سے ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ ہیں ان کی قانون کیخلاف تصویر وائرل ہونے پر دورکنی کمیٹی بنائی گئی تھی۔

کمیٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سعید اللہ گوندل سمیت 5 افسران کو معطل کردیا ہے۔کمیٹی نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات نوید راؤف بری الذمہ قراردے دیا ہے۔

(جاری ہے)

معطل کیے جانیوالے افسران میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ فرخ رشید، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ساجد علی، جیل وارڈن محمد امتیاز اورجیل ہیڈ وارڈن محمد ارشد بھی شامل ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سعید اللہ گوندل کو عہدے سے تبدیل کردیا گیا ہے۔

انکوائری کمیٹی کے احکامات کے مطابق تمام افسران کوقانون کے مطابق 90 روز کیلئے معطل کیا گیا ہے۔ انتظامی ڈائریکٹوریٹ کواہلکاروں سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ الزامات کی روشنی میں قانون کی مطابق کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد رہائی کے موقع پرن لیگی قیادت اڈیالہ جیل پہنچ گئی تھی۔

اس موقع پرن لیگی قیادت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کیساتھ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے کمرے میں تصاویر بھی بنوائی تھیں۔ ان تصویروں میں ن لیگی رہنماء حنیف عباسی بھی موجود تھے۔ تصاویرسوشل میڈیا پروائرل ہونے پرحکومت نے نوٹس لیا اور انکوائری کمیٹی قائم کی تھی۔ دورکنی انکوائری کمیٹی نے اڈیالہ جیل کے پانچ افسرا ن کومعطل کردیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں