سابق حکومت نے معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا،سابق حکمرانوں کی نااہلی کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے‘عثمان بزدار

عوام جلد نئے پاکستان کے خدو خال میں نمایاں طور پر مثبت تبدیلی کو محسوس کرینگے ،پرانے پاکستان کو بدل کر نیا پاکستان بنائینگے ’وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 9 اکتوبر 2018 23:33

سابق حکومت نے معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا،سابق حکمرانوں کی نااہلی کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میںمختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ،جس میں ترقیاتی منصوبوں، نئی سکیموں اور عوامی فلاح کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سابق حکومت نے معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا۔

سابق حکمرانوں کی نااہلی کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے اور غلط پالیسیوں سے ملک کنگال ہوا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ ملک کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ اراکین اسمبلی عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوںنے کہاکہ میں بھی ہر وقت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہوں اورعوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری حل حکومتی ترجیحات میںاولین ہے۔ملک وقوم کی ترقی اورنئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خواب کی حقیقی تعبیر کیلئے دن رات کا م کر رہے ہیں۔وزیر اعظم کے 100روزہ ایجنڈے کی کامیابی سے تکمیل کیلئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلئے وقف ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستان کے پر امن ، روشن اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے۔تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ تبدیلی کے ثمرات کو نچلی سطح پر پہنچانے کیلئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔ عوام جلد نئے پاکستان کے خدو خال میں نمایاں طور پر مثبت تبدیلی کو محسوس کریںگے ۔

پرانے پاکستان کو بدل کر نیاپاکستان بنائیں گے۔نئے پاکستان میں کوئی بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رہے گا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی محمد افضل خان ڈھانڈلا، احمد حسین ڈیہڑ، ملک محمد عامر ڈوگر، میاں محمد شفیق، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، محمد احمیر سلطان، غلام بی بی بھروانہ، خرم شہزاد، رضا نصراللہ، سردار طالب نکئی، عمر اسلم خان، امجد علی خان، راجہ ریاض، فیض اللہ، شنیلا روتھ، صوبائی وزیر محمد آصف نکئی،معاون خصوصی عمر فاروق، اراکین صوبائی اسمبلی غضنفر عباس ، لطیف نذر، شکیل شاہد اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان شامل تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں