معیشت کی زبوں حالی سے آنے والے مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ‘سراج الحق

حکومتی پالیسیوں سے ملکی معیشت بیٹھ گئی ہے اور صرف ایک دن میں روپے کی قیمت میں کمی سے ملک پر نو سوارب سے زیادہ کا قرضہ بڑھ گیا ہے حکومتی کابینہ میںاکثریت انہی لوگوں کی ہے جو مشرف کی کابینہ میں بھی شامل تھے ،اگر اس ٹیم میں تبدیلی لانے کی صلاحیت ہوتی تو یہ مشرف کی آمریت میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھی‘منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 12 اکتوبر 2018 21:05

معیشت کی زبوں حالی سے آنے والے مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ‘سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تبدیلی نہیں مہنگائی لائی ہے ،معیشت کی زبوں حالی سے آنے والے مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ،حکومتی کابینہ میںاکثریت انہی لوگوں کی ہے جو مشرف کی کابینہ میں بھی شامل تھے ،اگر اس ٹیم میں تبدیلی لانے کی صلاحیت ہوتی تو یہ مشرف کی آمریت میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھی،حکومتی پالیسیوں سے ملکی معیشت بیٹھ گئی ہے اور صرف ایک دن میں روپے کی قیمت میں کمی سے ملک پر نو سوارب سے زیادہ کا قرضہ بڑھ گیا ہے ،حکومت کے خود انحصاری اور آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ،حکمران اگر آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کی بجائے اللہ کے در پر جھک جاتے تو انہیں آج شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑتا،لیکن حکمران اللہ کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں ہیں ،حکمران اور کچھ کریں یا نہ کریں ملک میں کتے اور بلیاں پالنے کے کلچر کو عام ضرور کررہے ہیں،اسلام قبول ہے لیکن اسلامی نظام حکومت ،معیشت اور معاشرت قبول نہیں، اس جہالت پر مبنی تصور کو بدلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے بڑے بڑے وعدے کئے تھے اور اپنے منشور میں بھی خود انحصاری اپنانے اور اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کے دعوے کئے تھے ،وزیر اعظم اور وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے خود کشی کو بہتر قرار دے رہے تھے مگر اب وزیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں ،انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی غلطیوں اور کوتاہیوں پر چینلز پر بیٹھ کرگھنٹوں لیکچر دینے والے آج وہی غلطیاں کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت چکنی چپڑی باتوں سے عوام کوزیادہ دیر بہلا نہیں سکتی اسے غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمہ کیلئے جلد از جلد عملی اقدامات کرنا ہونگے ۔ پی ٹی آئی نے کسی ہوم ورک کے بغیرحکومت سنبھال کر عوام کو آزمائش میں ڈال دیا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی سامراج مسلمانوں پر اپنی تہذیب مسلط کرکے ان کی یکجہتی اور اتحاد کو ختم کرنا چاہتا ہے ۔

جب تک مسلمان متحد تھے دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکی ،لیکن جب عالم اسلام کے حکمران قرآن و سنت کی تعلیمات کو چھوڑ کر عیاشی اور دنیاوی عیش و آرام میں پڑ گئے تو ذلت و خواری ان کا مقدر بن گئی ،انہوں نے کہا کہ آج بھی استعماری قوتوں کا اصل ہدف مسلمانوں کے درمیان مسلکی اختلافات اور قومیت اور لسانیت کے تعصبات کو ہوا د ے کر ان کی وحدت کو ختم کرنا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی جماعت ہے جو مشرق و مغرب میں بسنے والے مسلمانوں کو علاقائی ،لسانی اورفرقہ وارانہ تعصبات سے نکال کر امت واحدہ کی لڑی میں پرونا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے بہتر یہی ہے کہ مغربی تہذیب کے پیچھے بھاگنے اور مغرب کی ذہنی غلامی چھوڑ کر اسلام کی پاکیزہ تعلیمات پر عمل کرے اور اللہ سے توبہ کرکے اسلامی نظام کے غلبہ کو اپنا ہدف بنائے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں