وزیر اعظم عمران خان کو خفیہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ موصول

100 روز کے بعد پنجاب کابینہ میں بڑی تبدیلیاں وقوع پذیر ہونے کا امکان ،کام نہ کرنے والے 10 وزرا کی چھٹی ہوجائے گی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 20 اکتوبر 2018 20:02

وزیر اعظم عمران خان کو خفیہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ موصول
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20 اکتوبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کو پنجاب کی صوبائی کابینہ کے حوالے سے خفیہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ مل گئی،حکومت کے 100 روز کے بعد کام نہ کرنے والے وزراکی مذکورہ رپورٹ کی بنیاد پر چھٹی کر دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو بنے ہوئے 2 ماہ مکمل ہو چکے ہیں ۔اس عرصے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لیے انتہائی پر عزم نظر آتی ہے۔

اس سلسلے میں جہاں تحریک انصاف کی حکومت مقبول فیصلے کرکے عوامی حمایت سمیٹ رہی ہے وہیں تحریک انصاف کی حکومت کو کچھ سخت فیصلے بھی کرنے پڑ رہے ہیں جس کے باعث عوام خاصی بے چین نظر آتی ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت اپنے 100روزہ پلان پر عمل درآمد کے لیے انتہائی پرجوش دکھائی دیتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی 100روزہ پلان کے حوالے سے سرپرائز کا عندیہ دے دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے بتایا کہ پنجاب حکومت وزیر اعظم عمران خان کو 100روزہ پلان کے حوالے سے خوش کن سرپرائز دے گا۔اس حوالے سے پنجاب حکومت کی کابینہ نے پوری دلجمعی سے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق جہاں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزراء سے 60 روز کی کارکردگی رپورٹ مانگی ہے وہیں وزیراعظم عمران خان کو پنجاب کی صوبائی کابینہ کے حوالے سے خفیہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ مل گئی ہے۔

اس رپورٹ کی بنیاد پر متعدد وزراء کو غیر تسلی بخش کارکردگی پر فارغ کیا جاسکتا ہے۔اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے مشاورت شروع کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق 10 وزراء کی کارکردگی انتہائی غیر تسلی بخش ہے جن کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ تشکیل دیتے ہی اعلان کیا تھا کہ کام نہ کرنے والے وزراء کو 100روز کے بعد کابینہ سے فارغ کر دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں