وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا‘ سعودی عرب‘ چین اور یو اے ای سے پاکستان کو کم و بیش ایک ہی جیسا پیکیج ملا‘

حکمت عملی کی تبدیلی یو ٹرن نہیں ہوتی‘ موجودہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت کے دھانے پر کھڑی ہے‘ بعض سیاسی چہرے مارچ تک دکھائی نہیں دینگے‘ آئندہ سال بجٹ کے بعد پاکستانی سیاست نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی‘ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

منگل 20 نومبر 2018 21:47

وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا‘ سعودی عرب‘ چین اور یو اے ای سے پاکستان کو کم و بیش ایک ہی جیسا پیکیج ملا‘
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے غیر ملکی دوروں سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا‘ سعودی عرب‘ چین اور یو اے ای سے پاکستان کو کم و بیش ایک ہی جیسا پیکیج ملا‘ حکمت عملی کی تبدیلی یو ٹرن نہیں ہوتی‘ موجودہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت کے دھانے پر کھڑی ہے‘ بعض سیاسی چہرے مارچ تک نہیں دکھائی دینگے‘ آئندہ سال بجٹ کے بعد پاکستانی سیاست نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی‘ امریکی صدر ٹرمپ کو وزیر اعظم عمران خان کا جواب عوامی خواہشات کی غمازی کرتا ہے‘ وہ منگل کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن چائنہ کے ساتھ ایم ایل ون کے ابتدائی ڈیزائن کی تیاری کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب موجودہ حکومت اقتدار میں آئی تو معیشت بدترین حالت میں تھی‘ ملکی خزانے کو لوٹنے والوں نے خالی کر دیا تھا‘ ایسی صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان کے غیر ملکی دوروں سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے وزیر اعظم نے زبردست کام کیا جس سے امید ہے کہ آئندہ ایک سال میں اچھے نتائج ملنا شروع ہو جائینگے‘ اپوزیشن کی سیاست کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت کے دھانے پر کھڑی ہے اب اسے اللہ ہی بچا سکتا ہے‘ مجھے اپوزیشن کی سیاسی بچت دکھائی نہیں دے رہی‘ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اس وقت یہ کوشش ہے کہ مریم نواز کی سیاست بچ جائے چاہے ان کی اپنی سیاست ختم ہو جائے‘ سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فالودے والے کا مسئلہ بڑا سنجیدہ ہے‘ خدشہ ہے کہ مستقبل قریب میں زرداری اور بلاول کے راستے جدا نہ ہو جائیں‘ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بلاول سے کوئی ایسی ہمدردی نہیں لیکن ان میں بے نظیر کی جھلک نظر آتی ہے‘ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کا دو ٹوک موقف ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر اگر کرپٹ لوگ موجود ہیں یا ان کے پاس لوٹی ہوئی دولت ہے تو ان کو دوگنی سزا ملنی چاہئے‘ ریلوے کے حوالے سے ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ماضی میں انجنوں میں کمیشن نہ کھائی ہوتی تو آج ریلوے کا محکمہ کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہوتا اور معیشت بدل چکی ہوتی‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے بارے میں بیان کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ امریکی صدر کو جو وزیر اعظم عمران خان نے جواب دیا وہ عوامی خواہشات کی غمازی کرتا ہے لیکن ہم عزت کروانا اور عزت کرنا چاہتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرتیں نہیں پیدا کرنی چاہئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں