سکولوں کے بچوں میں صحتمند طرز زندگی کے لئے خصوصی موبائل ایپ تیار

بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت، غذائیت، ناک، کان، گلا، دانتوں، جلد اور آنکھوں کی سکریننگ ہوگی سٹوڈنٹس میں صحتمند طرز زندگی کا پائلٹ پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے ، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

منگل 4 دسمبر 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے تعاون سے سکولوں کے بچوں میں صحتمند طرز زندگی کا شعور اجاگر کرنے کا پائلٹ پروگرام جلدشروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 12سکولوں میں بچوں کو بیماریوں سے بچائو کے لئے کھیلوں کی اہمیت اور احتیاطی اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ایوان سے باہر میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے کسٹمائزڈ موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے جس کی پائلٹ ٹیسٹنگ پر کام کر رہے ہیں۔ اس ایپلی کیشن کا افتتاح رواں ہفتے ہی ایک سکول میں تقریب کے دوران کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت پنجاب کے سکولوں کے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت، غذائیت، ناک، کان، گلا، دانتوں، جلد اور آنکھوں کی سکریننگ ماہرین صحت کریں گے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پائلٹ پروگرام کے تحت 6گرلز اور 6بوائز سکولوں میں ڈاکٹر اور ایک نرس کا بھی تقرر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ہفتے میں ایک بار میڈیکل کیمپ لگا کر بچوں کے ٹیسٹ اور آنکھوں کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بچوں کی زندگی صحتمند بنا کر شعبہ صحت کے کئی اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر صحت نے غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کی بحالی کے لئے خصوصی مراکز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ماں اور بچے کی صحت پر بھرپور توجہ دینے کا مقصد صحتمند معاشرے کا قیام یقینی بنانا ہے۔ اس مقصد کے لئے ملک کی تاریخ میں پہلی بار 5اضلاع میں ماں بچہ ہسپتال بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں