فتح کا موسم آگیا، سچ بھی جلد سامنے آئے گا، مریم نواز

وقت اچھا برا گزر جاتا ہے، نوازشریف کی صحت اب بہتر ہے۔ جناح ہسپتال میں والد نوازشریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 فروری 2019 18:04

فتح کا موسم آگیا، سچ بھی جلد سامنے آئے گا، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے کہا ہے کہ فتح کا موسم آگیا، سچ بھی جلد سامنے آئے گا، وقت اچھا برا گزر جاتا ہے، نوازشریف کی صحت اب بہتر ہے۔ انہوں نے آج جناح ہسپتال میں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت تو گزر جاتا ہے لیکن سچ ہمیشہ سامنے آکر رہتا ہے۔ انشاء اللہ اچھا وقت بھی جلد آئے گا۔

مریم نوازنے ایک سوال ”لاہورہائیکورٹ میں شہبازشریف کے حق میں فیصلے کے حوالے سے کیا کہیں گی؟‘‘ کے جواب میں کہا کہ حق اورسچ کی فتح ہوئی ہے، فتح کا موسم آ گیا ہے۔ اس سے قبل مریم نواز اپنے والد سابق وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کرنے جناح ہسپتال پہنچیں، تو اس موقع پر سکیورٹی اور کارکنوں کی دھکم پیل کی وجہ سے نجی ٹی وی کا کیمرہ مریم نواز کے سر میں لگ گیا ،درد کے باعث مریم نواز سر کو سہلاتی رہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مریم نواز جناح ہسپتال میں زیر علاج اپنے والد محمد نواز شریف کی عیاد ت کیلئے آئیں تو ہسپتال کے اندرونی حصے میں داخلے کے وقت سکیورٹی اہلکاروں اور کارکنوں نے دھکم پیل شروع کر دی جس سے کوریج کرنے والے نجی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین اپنا توازن بر قرار نہ رکھ سکا اور کیمرہ مریم نواز کے سر میں لگ گیا ۔مریم نواز نے درد کی وجہ سے اپناہاتھ سر پر رکھ لیا اورسہلاتی رہیں اور اسی طرح آگے بڑھ گئیں۔

واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف دل کے مرض میں مبتلا ہیں۔ علاج معالجے کیلئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں پر ان کا علاج جاری ہے۔ جبکہ دوسری جانب نوازشریف کی طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر ہے۔ درخواست پر عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں