پنجاب حکومت کے تمام افسران کو ایف بی آرکی ڈیڈ لائن کے مطابق 2اگست تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت

بدھ 17 جولائی 2019 23:30

پنجاب حکومت کے تمام افسران کو ایف بی آرکی ڈیڈ لائن کے مطابق 2اگست تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن نے پنجاب حکومت کے تمام افسران کو فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی ڈیڈ لائن کے مطابق آئندہ ماہ کی 2تاریخ تک 2018ء کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے تمام محکموں کو جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی شق 114کے مطابق قابل ٹیکس آمدنی والے تمام افسران اپنے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں ۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ سرکاری محکموں کے بہت سے افسران نے اس وجہ سے انکم ٹیکس گوشوار ے جمع نہیں کرائے کہ ان کی تنخواہوں سے انکم ٹیکس کی کٹوتی کر لی جاتی ہے اس لئے انہیں اس کا پابند نہیں کیا گیا ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے یہ سراسر غلط سوچ اورانکم ٹیکس آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے ۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے تحت کام کرنے والے قابل ٹیکس آمدن رکھنے والے تمام افسران /آفیشلز 2018 کے گوشوار ے جمع کرانے کا پابند ہیں اس لئے ایف بی آر کی 2اگست کی ڈیڈ لائن کے مطابق 2018ء کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا ئے جائیں۔ مراسلے میں تمام محکموں کے ذمہ داران کو اس حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں