میانمار فوج کے فیس بک اکاؤنٹس بند کر دیے گئے

فیس بک پیجز پر مسلمانوں کی مسخ شدہ لاشیں اور اعضا دکھائے جا رہے تھے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 23 اگست 2019 04:34

میانمار فوج کے فیس بک اکاؤنٹس بند کر دیے گئے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اگست2019ء)   فیس بک انتظامیہ نے میانمار میں 216 سوشل میڈیا پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس غیر فعال کردیے۔ رائٹرز کے مطابق غیر فعال کیے گئے بعض اکاؤنٹس میانمار فوج کے تھے جس میں معلومات مسخ صورت میں پیش کی جارہی تھیں۔فیس بک انتظامیہ نے اپنے بلاگ میں واضح کیا کہ کمپنی نے میانمار میں 89 فیس بک اکاؤنٹس، 107 پیجز، 15 گروپس اور 5 انسٹا گرام اکاؤنٹس کو غیر فعال کیا۔

انتظامیہ کے مطابق بعض اکاؤنٹس فالو کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں تھی۔اس سے قبل فیس بک نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد اور نفرت پر مبنی مواد پھیلانے پر میانمارآرمی چیف سمیت سیکڑوں اکاؤنٹس غیر فعال کردیے تھے۔اس ضمن میں کہا گیا کہ میانمار میں جن لوگوں کے سوشل میڈیا اکاؤٹنس غیر فعال کیے گئے ہیں، انہوں نے اپنی شناخت تبدیل کرکے دوبارہ خبریں اور انٹرٹینمنٹ مواد شیئر کرنا شروع کردیا تھا۔

(جاری ہے)

فیس بک کے مطابق ’انہوں نے قومی اور مقامی موضوعات بشمول جرائم، لسانی تعلقات، شوبزشخصیات اور فوج کے بارے میں مواد شائع کیا‘۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 28 اگست کو فیس بک نے میانمار میں نفرت انگیز تقریر اور غلط معلومات پھیلانے والے 18 اکاؤنٹس، 52 پیجز اور ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کو غیرفعال کردیا تھا، ان اکاؤنٹس اور پیجز کو ایک کروڑ 20 لاکھ افراد فالو کررہے تھے۔

فیس بک انتظامیہ نے میانمار کے آرمی چیف من اونگ ہلینگ سمیت اعلیٰ فوجی حکام کے اکاؤنٹ بھی بند کردیے تھے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کونسل کے ساتھ کام کرنے والے عالمی ماہرین نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ میانمار میں ریاستی سطح پر انسانی حقوق کی پامالی ہوئی ہے جس میں سینئر فوجی حکام سمیت دیگر گروپس شامل ہیں۔اپنے بیان میں فیس بک نے اعتراف کیا تھا کہ یہ عمل مسائل کے باعث‘انتہائی سست روی’کا شکار رہا جو ایک سال پہلے سامنے آیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں