ورکنگ کمیٹی آف ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کا اجلاس

نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کرنے اور کشمیر یوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم کی مذمت

اتوار 25 اگست 2019 20:35

لاہور۔25 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) ورکنگ کمیٹی آف ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کااجلاس صدر عاصم ظفر کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں جسٹس (ر)منیر اے شیخ‘ بیگم مہناز رفیع‘ بیرسٹر افضل جاوید‘ اے ایم شکوری اور معروف قانون دان ڈاکٹر ایس ایم ظفر نے شرکت کی اور قرارداد پاس کی گئی‘ جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سٹیٹس کو تبدیل کرنے اور ہزاروں مسلح بھارتی فوجیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم کی مذمت کی گئی‘ ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کی مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کے ان اقدامات نے نازی‘ جرمنی اور ہٹلر کے دور کے اقدامات کی یاد تازہ کر دی ہے‘ سیکولر ازم کی دعویدار بھارتی حکومت تسلسل کے ساتھ اقلیتوں کے ساتھ غیر مساویانہ سلوک روا رکھے ہوئے ہیں‘ آج بھارت میںمسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائی‘ دلت اور دیگر اقلیتیں حکومتی غنڈوں کے مظالم کا شکار ہیں‘ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے‘ سوسائٹی نے قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ 5 اگست سے پیدا ہونیوالی صورتحال پریشان کن اور دل د ہلا دینے والی ہے‘ بین الاقوامی برادری کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے‘ سوسائٹی نے اس حوالے سے امریکی صدر کے موقف کو سراہا، مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہیومن رائٹس کمیشن جنیوا اور عالی انصاف کی دیگر عدالتوں کے سامنے پیش کرنا چاہئے‘ ریڈ کراس سوسائٹی اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آف پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی طبی امداد کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں‘ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں اپنے نمائندے بھیجے‘ جہاں بھارتی افواج نے مردوں کے ساتھ عورتوں اور بچوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے‘ اس موقع پر سوسائٹی کی طرف سے کشمیری بھائیوں کی ہر طرح کی قانونی و اخلاقی امداد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی ایک دن کامیابی سے ضرور ہمکنار ہو گی ‘ سوسائٹی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں