پنجاب حکومت کا تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنیوالے عناصر کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا فیصلہ

اتوار 22 ستمبر 2019 19:05

لاہور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ہماری نئی نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کی جگہ جیل ہے۔

(جاری ہے)

متعلقہ ادارے اور پولیس مل کر ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں اور اس ضمن میں انسداد منشیات فورس سے بھی مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔یہ کالا دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں،اس ناسور کے خاتمے کے لئے تیزی سے موثر کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن میں متعلقہ اداروں کو فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں