میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس،پرائس کنٹرول میکانزم اور مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا

تمام اضلاع میں آٹا، چینی، گھی سمیت 18اشیائے ضروریہ کی خصوصی مانیٹرنگ کا فیصلہ،پرائس کنٹرول اتھارٹی بنائیں گے‘صوبائی وزیر صنعت

پیر 14 اکتوبر 2019 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںپرائس کنٹرول میکانزم، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میںپنجاب کے تمام اضلاع میں آٹا، چینی، گھی سمیت 18اشیائے ضروریہ کی خصوصی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاگیا۔

صوبائی وزراء نعمان اخترلنگڑیال، سمیع اللہ چوہدری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہصوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مستحکم بناکر مصنوعی مہنگائی روکیں گے اور عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔

(جاری ہے)

زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی طور پر کام کرنے کا وقت ہے، انتظامیہ نتائج دے۔انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول میکانزم اور طے شدہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سوفیصدعملدرآمد یقینی بنایاجائے۔صوبے بھر میں 20کلو آٹے کا تھیلہ 808روپے میں فروخت ہوگا، انتظامیہ اس قیمت کو یقینی بنائے۔میاں اسلم اقبال نے کہاکہ گندم پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔

آئندہ کسی بھی ضلع کی انتظامیہ محکمہ صنعت و تجارت کو اعتماد میں لئے بغیر قیمتیں نہیں بڑھائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہر تین ماہ بعد قیمتوں پر نظرثانی کا میکانزم بنایاجائے۔سبزی منڈیوں میں صبح کے وقت متعلقہ افسران موجود ہونے چاہئیں۔وزیر صنعت پنجاب نے کہاکہ ہر دکان کے باہر مقررہ سائز کے پینافلیکس آویزاں ہوں جن پر قیمتیں اور ٹال فری نمبردرج ہو۔

ہمیں کمزور آدمی کی فلاح کیلئے جذبے اور محنت سے کام کرناہے۔انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہاکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے صوبائی سطح پرپرائس کنٹرول اتھارٹی بنائی جائے گی۔اجلاس کے دوران کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہارکیا اورانفورسمنٹ میکانزم کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں