تحفظ ختم نبوت ، نظام مصطفیؐ کا نفاذ اور کشمیر کی آزادی قومی و ملی فریضہ ہے ،سینیٹر سراج الحق کا منصورہ میں مشائخ کانفرنس سے خطاب

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:44

تحفظ ختم نبوت ، نظام مصطفیؐ کا نفاذ اور کشمیر کی آزادی قومی و ملی فریضہ ہے ،سینیٹر سراج الحق کا منصورہ میں مشائخ کانفرنس سے خطاب
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تحفظ ختم نبوت ، نظام مصطفیؐ کا نفاذ اور کشمیر کی آزادی سیاسی ایجنڈا نہیں بلکہ قومی و ملی فریضہ ہے ۔ یہ بات انہوںنے منصورہ میں ہونے والی مشائخ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ کانفرنس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، امیر جماعت اسلامی آزادی کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ، پیر سید غلام رسول اویسی ، پیر شہزاد احمد چشتی ، پیر نو بہار شاہ ، پیر سید اختر رسول قادری ، پیر بابر سلطان ، صدر علماء و مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد ، برہان الدین عثمانی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مشائخ کانفرنس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی معروف درگاہوں کے سجادہ نشین حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ علماء و مشائخ کشمیر کی آزادی ، ختم نبوت کے تحفظ اور ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے قوم کی رہنمائی اور قیادت کریں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مشائخ نے ہمیشہ انسانوں کو محبت کا درس دیا اور اللہ کی طر ف بلایا ۔

ملک میں کروڑوں عاشقان رسول ؐ اولیاء اللہ کی درگاہوں پر حاضر ہوتے ہیں ۔ ان درگاہوں کے گدی نشین حضرات کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے تیار کریں ۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہاکہ مغربی استعمار پاکستان کی اسلامی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے ۔اسلام دشمن قوتیں منبر و محراب سے اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرنا چاہتی ہیں ۔ان سازشوں کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی وحدت سے ہی ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔کشمیر میں 74دنوں سے بدترین کرفیو ہے اور 80 لاکھ کشمیر ی دنیا کی بڑی جیل میں قید ہیں ۔ ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں