تنگ نظری،عدم برداشت نے نظریاتی بنیادوں کو کمزور کیا‘ڈاکٹر حسن محی الدین

بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کے معاملے میں امتیازی رویہ اختیار کرنا تنگ نظری ہے‘منعقدہ سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب

اتوار 8 دسمبر 2019 20:16

․لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہاکہ تنگ نظری،انتہا پسندی اور عدم برداشت میں امت مسلمہ کی نظریاتی و فکری بنیادوں کو بہت کمزور کیا۔منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیر اہتمام میلاد پلان 2019 کے تحت منعقدہ سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کے معاملے میں امتیازی رویہ اختیار کرنا تنگ نظری ہے،تعلیمات محمدی ؐ میں ایسی تنگ نظری کی کوئی گنجائش نہیں ہے،اللہ نے امت محمدیہ ؐ کو اعتدال والی امت قرار دیا جو اعمال و افعال میں حد سے تجاوز نہیں کرتی ،اسلام نے اعتدال اور میانہ روی پر اس حد تک زور دیا کہ عبادات کرتے وقت بھی اعتدال کا راستہ اختیار کیا جائے،اسلام میں کسی قسم کے جبر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سنیئر خواتین رہنما فضہ حسین قادری،قرة العین خدیجہ،عائشہ نذیر قادری نے کانفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔سیرت النبی ؐ کانفرنس میں نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان،نور اللہ صدیقی،حافظ غلام فرید نے شرکت کی۔سیرت النبی ؐ کانفرنس سے مرکزی صدر فرح ناز،سدرہ کرامت ،نورین علوی،انیلہ الیاس ڈوگر،ام حبیبہ،آمنہ بتول،عائشہ مبشر،حلیمہ سعدیہ نے خطاب کیا۔

سیرت النبی ؐ کانفرنس میں خواتین نے نعت رسول مقبول پیش کی۔فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الحمد اللہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے میلاد پلان مہم2019 کے تحت ملک بھر میں 3ہزار سیرت النبی ؐ کانفرنسز منعقد کرنے کا جو پلان بنایا تھا اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ویمن لیگ کی کانفرنسز میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد خواتین شریک ہوئیں اور یہ کانفرنسز روحانی و تربیتی اعتبار سے انتہائی کامیاب رہیں۔انہوں نے کہاکہ آئندہ سال سیرت النبی ؐ کانفرنسز کے انعقاد کا دائرہ ٹائون اور یونین کونسل تک بڑھائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں