برطانیہ میں کرونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خدشہ

برطانوی آبادی کا ساٹھ فیصد حصہ کرونا وائرس کا شکار ہو سکتا ہے،کرونا وائرس سے متاثرہ9 مریضوں میں 8 کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔ برطانوی طبی ماہرین

Zahid Noor زاہد نور اتوار 16 فروری 2020 20:51

برطانیہ میں کرونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خدشہ
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ زاہد نور سے۔ 16 فروری 2020ء) برطانیہ میں طبی ماہرین نے کرونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا، برطانوی آبادی کا ساٹھ فیصد حصہ کرونا وائرس کا شکار ہو سکتا ہے،کرونا وائرس سے متاثرہ9 مریضوں میں 8 کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ ایک خاتون مریض کا علاج بدستور جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں طبی ماہرین نے کرونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ نو مریضوں میں سے آٹھ کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ ایک خاتون مریض کا علاج بدستور جاری ہے۔ برطانوی طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برطانوی آبادی کا ساٹھ فیصد حصہ کرونا وائرس کا شکار ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں سے ایک فیصد کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے جو کہ تقریباً چار لاکھ بنتی ہے۔ دوسری جانب ایک سروے میں این ایچ ایس سٹاف کی جانب سے یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے اور وائرس کی روک تھام کے لیے کوئی خاص حفاظتی اقدامات بھی نہیں کیے گئے ہیں، اُن کا یہ بھی کہنا تھا لوگوں میں اس وائرس کی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی کوئی باقاعدہ مہم نہیں چلائی گئی ہے جسکی وجہ سے اس وائرس کا برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ہیلتھ ماٹ ہن کاک نے کہا ہے کہ برطانیہ کرونا وائرس ویکسین کی ریسرچ کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ملُکر چالیس ملین پاؤنڈز خرچ کر رہا ہے تا کہ اس جان لیوا وائرس کی روک تھام کی جا سکے۔
دوسری جانب چین میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مزید 142 افراد ہلاک ہو گئے۔ چین میں مرنے والوں کی تعداد 1665 ہو گئی، فرانس میں بھی وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی۔

آسٹریلوی سائنسدانوں نے وائرس کی روک تھام کیلئے اہم کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، چین میں 2009 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں، متاثرین کی تعداد اڑسٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے، مہلک مرض سے 30 ممالک میں 500 کیسز بھی سامنے آ چکے ہیں، کرونا سے فرانس میں بھی ایک ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 80 سال تھی اور وہ چین سے سیاحت کیلئے فرانس آیا تھا۔

فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض سامنے آیا ہے، جو براعظم افریقہ کا پہلا کیس ہے، سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین نے وائرس کی روک تھام کیلئے اہم کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ماہرین زندہ کرونا وائرس خلیات اگانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں