آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس

روٹیشن پالیسی کے تحت اہلکاروں کی مختلف شعبوں میں پوسٹنگ کا دورانیہ یونٹ ہیڈ کی صوابدید پر ہے،پولیس فورس میں بہتر اہلکاروں کی بھرتی کیلئے فائنل انٹرویو اور پروفائلنگ پر خاص توجہ دی جائی: شعیب دستگیر

جمعہ 29 مئی 2020 23:13

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پولیس فورس میں بہتر سے بہتر اہلکاروں کی بھرتی کیلئے فائنل انٹرویو کے دوران سائیکالوجیکل ٹیسٹ اور پروفائلنگ پر بطور خاص توجہ دی جائے تاکہ آئندہ ریکروٹمنٹ میں مطلوبہ تعلیمی معیار اور جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر مضبوط اورقابل نوجوانوں کو پولیس فورس کا حصہ بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ تمام اضلاع میں بھرتی کے دوران تحریری امتحان لینے والی ٹیسٹنگ ایجنسی کو پولیس سروس کی ترجیحات اور ڈیمانڈ سے مفصل طو ر پر آگاہ کیا جائے تاکہ ٹیسٹ کے انعقاد کے دوران بھی اہلکاروں کی سکروٹنی کا عمل بہتر سے بہتر ہوسکے جبکہ ریکروٹمنٹ کے دوران امیدواروں کے انٹرویو کیلئے مختص نمبرز کو بھی بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ روٹیشن پالیسی کے تحت اہلکاروں کی مختلف شعبوں میں پوسٹنگ کا دورانیہ یونٹ ہیڈ کی صوابدید پر ہے جو ضرورت کے مطابق اہلکار کو دو برس یا زیادہ عرصے کیلئے یونٹ میں تعینات رکھ سکتا ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ مختلف فیلڈ فارمیشنز بشمول پی سی، ٹریفک، ٹریننگ، ایلیٹ سمیت دیگر شعبوں میں اہلکاروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ میں جاری ہدایات اور ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس پیز، ڈی ایس پیز کے پروموشن رولز،ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات کے حصول اور اہلکاروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ سے متعلقہ اسٹینڈنگ آرڈرسمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

دوران اجلاس ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر زسید خرم علی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹI- اشفاق احمد خان اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹII- مقصود الحسن نے زیر بحث امور کے متعلق بریفنگ دی جبکہ فیصلہ سازی کیلئے تمام افسران نے اپنے مشاہدات کی بنیاد پر تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔اجلاس میں شریک افسران نے ایس پیز اور ڈی پیز کے عہدوں پرافسران کی پروموشن کیلئے رولز کے ڈرافٹ کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا جبکہ انسپکٹرز سے کانسٹیبل رینک افسران و اہلکاروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے اسٹینڈنگ آرڈرپر تبادلہ خیال کیا گیااور آئی جی پنجاب نے تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد افسران کو احکامات جاری کئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ شاہد حنیف، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی آر اینڈڈی غلام رسول زاہد، ایڈیشنل آئی جی، کمانڈنٹ پی سی کنور شاہ رخ، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک صاحبزادہ شہزاد سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے اورایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں