اپوزیشن کی اے پی سی کا ایجنڈا صرف لوٹ مار کو تحفظ دینا ہے‘ فیاض الحسن چوہان

اپوزیشن جماعتوں کو لگتا ہے فیٹف پر حکومت سمجھوتہ کریگی، ان لوگوں کو جگ ہنسائی کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا‘وزیراطلاعات

ہفتہ 19 ستمبر 2020 16:06

اپوزیشن کی اے پی سی کا ایجنڈا صرف لوٹ مار کو تحفظ دینا ہے‘ فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بی جمالو کی طرح حلوے کی تلاش میں ہیں، منی لانڈرنگ کے تحفظ کیلئے اپوزیشن اے پی سی کررہی ہے،اپوزیشن کو اے پی سی میں جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کل الائیڈ پارٹیز فار کرپشن کا فورم ہورہا ہے جسے اے پی سی کہتے ہیں، آل پاکستان لوٹ مارایسوسی ایشن نے محنت کر کے راہزن کمیٹی بنا دی، ان کا ایجنڈا ایک ہی ہے کہ کس طریقے سے کرپشن، لوٹ مار اور حلوے کو تحفظ دیا جائے۔فیاض چوہان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل پاس کراتے وقت اپوزیشن کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں تھی، اپوزیشن کو پتہ تھا بل کے معاملے پرحکومت سیٹلمنٹ پر تیار ہوجائے گی، اپوزیشن چاہتی تھی کہ اس بل سے نیب کو نکال دیا جائے، منی لانڈرنگ کے تحفظ کیلئے کل اپوزیشن اے پی سی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف قانون سازی پر اپوزیشن نے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، الائیڈ پارٹیز فار کرپشن کے دو پلر آل شریف اور آل زرداری ہیں، آل شریف اور آل زرداری کی کہانی کرپشن کی ہے اور غم بھی ایک جیسا ہے، اپوزیشن کی کچھ دو اور کچھ لو کی پالیسی ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بی جمالو کی طرح حلوے کی تلاش میں ہیں، مولانا فضل الرحمان اب حلوے کی نہیں احتساب کے جلوے کی فکر کریں۔

وہ اپنے ذہن سے نکال دیں کہ پاکستان کا خزانہ حلوہ ہے، ان کو اب احتساب کا جلوہ نظر آئے گا اپوزیشن کو اے پی سی میں جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر نے جس کام میں ہاتھ ڈالا وہاں سے ذلت کے سوا کچھ نہ نکلا، انہوں نے اپنے والد کی سیاست اور ایمپائر کا بیڑہ غرق کردیا، کل بیگم صفدر اس اے پی سی میں آئیں تو اس کا نتیجہ بیڑہ غرق ہی ہوگا، اپوزیشن کی سیاست کا مقصد ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں