دوسری شادی کریں ایک کروڑ ملے گا

بینک نے نوجوانوں کو حیران کن آفر کر ڈالی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 23 اکتوبر 2020 06:26

دوسری شادی کریں ایک کروڑ ملے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) شادی مذہب اسلام کا ایسا فریضہ ہے کہ جس سے معاشرے کے امن کے ساتھ ساتھ کئی بیماریاں اور جرائم بھی ختم ہو جاتے ہیں۔اس سے نسل انسانی پھلتی پھولتی اور خاندان کے وجود کا سلسلہ چلتا ہے۔شادی کا فلسفہ محض مذہبی ہی نہیں ہے بلکہ جدید سائنسی تحقیق نے بھی اس امر کو لازمی بنانے کے لیے کئی بار تاقید کی ہے کہ شادی کرنے سے معاشرے میں بہترین ماحول پیدا ہوتا ہے۔

مگر فی زمانہ یا تو غربت بہت زیادہ ہے یا پھر اسٹیٹس ہائی کرنے کے چکر میں عوام پیسا کمانے کے چکر میں اس قدر غلطاں ہے کہ اسے شادی کرنے کی فرصت نہیں ہے یا پھر دلچسپی نہیں ہے۔ایسے میں معاشرے میں بگاڑ پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیں لیکن جب ہم ایسے ملک کی بات کریں کہ جہاں غربت بھی زیادہ ہو اور ساتھ میںخواتین کی تعداد بھی مردوں کی نسبت زیادہ ہو تو وہاں کی خواتین کنوارے ہی زندگی کی ساری بہاریں دیکھنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان ممالک میں عراق جیسا ملک بھی شامل ہے جہاں خواتین کی تعداد مردوں کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔عراق کے معروف بینک نے ملازمین کو دوسری شادی کرنے پر ایک کروڑ دینار آسان شرائط پر قرض دینے کی پیشکش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عراق میں 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ کنواری خواتین کی تعداد خاصی بڑھ چکی ہے۔تیل سے مالامال عرب ملک کو 2003 میں امریکہ کے حملے کے بعد سے مسلسل خانہ جنگی کے باعث معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے۔

روزگار کے مسائل کے سبب نوجوانوں اور مردوں کی اکثریت غربت کا شکار ہے جو شادیوں میں بڑی رکاوٹ ہے۔عراق میں کئے گئے ایک سروے سے حاصل اعدادوشمار کے مطابق 35 سال سے زائد 70 فیصد خواتین غیر شادی شدہ ہیں۔ صورتحال دیکھتے ہوئے عراقی بینک ”الرشید“ نے اپنے ملازمین کو بڑی پیشکش کر دی ہے کہ اس کا کوئی بھی ملازم جس کی نوکری کرتے ہوئے 2 سال ہوئے ہوں اور پہلی شادی پر قرض نہ لیا ہو وہ ایک کروڑ دینار ادھار رقم حاصل کر سکے گا۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ملک میں بے روزگاری کے سبب نوجوانوں کی اکثریت بیرون ممالک جانے کو ترجیح دے رہی ہے جس سے مقامی خواتین کی شادیاں نہ ہونے کا معاملہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔لہٰذا ایسے میں خواتین کی شادیاں زیادہ سے زیادہ ہوں مقامی بینک نے نوجوانوں کے ترغیب دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے جس کی ہر طرف سے تعریف کی جار ہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں