نگران وزیراعلٰی پنجاب کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا،شیخ رشید نے نگران وزیراعلٰی کی تقرری کو چیلنج کیا تھا

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 27 مارچ 2023 13:16

نگران وزیراعلٰی پنجاب کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد
لاہور (اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 27 مارچ 2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلٰی پنجاب کی تقرری کیخلاف درخواست مسترد کر دی،عدالت نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی سے متعلق شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نگران وزیراعلٰی پنجاب کی تعیناتی سے متعلق درخواست پر سماعت کی،عدالت نے دوران سماعت استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار نے خود کوئی نام دئیے تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار ایک ووٹر ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ کہ فریقین کی جانب سے نگران وزیراعلٰی پنجاب کیلئے کون کون سے نام دئیے گئے تھے؟ عدالت کو بتایا گیا کہ احد چیمہ اور احمد نواز سکھیرا کے نام دیئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ یہ نام دیکھ کر فریقین کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ وکیل نے بتایا پہلے ہی دن سے پتہ تھا کہ محسن نقوی وزیراعلٰی پنجاب ہوں گے،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ہم نے صرف یہ دیکھنا ہے محسن نقوی کی تقرری کیلئے کیا پراسس اختیار کیا گیا،الیکشن کمیشن کے پاس نگران وزیراعلٰی کی تقرری کیلئے مکمل اختیار ہے،نگران وزیراعلٰی کا کام صرف الیکشن کرانا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل شیخ رشید نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی گئی ،درخواست میں وفاق،صدر مملکت عارف علوی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگران سیٹ اپ ختم کر کے نیا سیٹ اپ تشکیل دیا جائے،درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو 90 دن میں انتخابات کرانے پر عمل کرنے کی ہدایت کی جائے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں