عطا تارڑ کی این اے 127 لاہور سے کامیابی کا نوٹی فکیشن چیلنج

پی پی 145 سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سمیع اللہ کی کامیابی کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 11:33

عطا تارڑ کی این اے 127 لاہور سے کامیابی کا نوٹی فکیشن چیلنج
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی این اے 127 لاہور سے کامیابی کا نوٹی فکیشن چیلنج کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنماء عطا تارڑ کی این اے 127 لاہور سے کامیابی کا نوٹی فکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، اسی طرح لاہور ہی سے پجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 145 سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سمیع اللہ کی کامیابی کے نوٹی فکیشن کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ انتخابی عذرداریوں میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس سلطان تنویر دونوں درخواستوں پر سماعت کریں گے جہاں عطاء تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے سنی اتحاد کونسل امیدوار ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے چیلینج کیا گیا ہے اور پی پی 145 لاہور کے نوٹی فکیشن کو محمد یاسر کی جانب سے چیلینج کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی، اس حوالے سے بیرسٹر تیمور الطاف اور ملک احمد حسین ڈیہڑ نے درخواستیں دائر کی تھیں، جن پر ممبر سندھ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے فیصلہ دیا اور این اے 148 سے سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی برقرار رکھا۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور نتائج درستگی کی درخواست مسترد کردی گئی، اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آر او کی رپورٹ کے مطابق نتائج درست جاری کیے گئے، فارم 45 کے تحت ہی فارم 47 جاری ہوا، درخواست گزار الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں