مجوزہ روڈ سیکٹر منصوبے موجودہ ڈھانچے کو مضبوط اور وسیع کریں گے‘ڈاکٹر سلمان شاہ

نئے روڈز، بائی پاس کی تعمیر، جنکشن کو بہتر بنانا اور روڈ سیفٹی صوبہ کی معاشی نمو میں خصوصیات کے حامل ہیں‘مشیر وزیراعلی پنجاب برائے اقتصادی امور و پی اینڈ ڈی

جمعرات 4 مارچ 2021 13:41

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ کے تحت پروجیکٹ تجاویز کی ترقی کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کی خدمات حاصل کرنے کے لئے مشیر وزیراعلی پنجاب برائے اقتصادی امور و پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سلمان شاہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں پی پی پی موڈ کے تحت 30 ارب روپے کے چھ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ۔ منصوبوں میں ملتان رنگ روڈ ، کھاریاں تا ڈنگہ روڈ کی بحالی وبہتری ، گوجرانوالہ پسرور روڈ کو دو رویہ، گوجرانوالہ حافظ آباد روڈ کو دو رویہ، ایم -3 انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں ایکسپو سینٹر اور جھکا گلی مری میں پارکنگ پلازہ کی منظوری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیراعلی پنجاب برائے اقتصادی امور و پی اینڈ ڈی ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ مجوزہ روڈ سیکٹر منصوبے موجودہ ڈھانچے کو مضبوط اور وسیع کریں گے۔

نئے روڈز، بائی پاس کی تعمیر، جنکشن کو بہتر بنانا اور روڈ سیفٹی صوبہ کی معاشی نمو میں خصوصیات کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مری جی پی او / مال روڈ کے قریب کثیرالمنزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر سے ٹریفک کی بھرمار پر قابو پایا جا جاسکے گا اور حکومت پنجاب نے پارکنگ کی ضروریات کے بڑھتے ہوئے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے پورے پنجاب میں اسی طرح کے منصوبے تیار کرنے کا پلان بنایا ہے۔

اس کے علاوہ برآمدات کو فروغ دینے کے لئے M-3 صنعتی شہر فیصل آباد میں 50 ایکڑ اراضی پر ایکسپو سینٹر قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب پی پی پی اتھارٹی کے دو مالی سالوں کے لئے پیش گوئی بجٹ تخمینے کی منظوری کے ساتھ ساتھ نئے قائم کردہ پنجاب پی پی پی اتھارٹی کے لئے مختلف عہدوں پر خدمات حاصل کرنے کیلئے ہیومین ریسورس کی منظوری بھی دی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں