الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کےلیے مزید 105 ٹن امدادی سامان پر مشتمل چھٹی کھیپ مصر پہنچ گئی

الخدمت فاؤنڈیشن این ڈی ایم اے اورپاک فضائیہ(شاہین ائیر پورٹ سروسز) کے تعاون سے غزہ متاثرین کےلیے امداد ی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،ڈاکٹر حفیظ الرحمن، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری منگل 13 فروری 2024 15:46

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کےلیے مزید 105 ٹن امدادی سامان پر مشتمل چھٹی کھیپ مصر پہنچ گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری 2024ء ) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کے لیے مزید 105 ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی چھٹی کھیپ مصر پہنچ گئی۔ امدادی سامان کراچی ائیر پورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے العریش ائیر پورٹ مصر پہنچایا گیا ہے جو بعد ازاں رفح کے رستے غزہ پہنچایا جائے گا۔ کراچی ائیر پورٹ سے امدادی سامان روانگی کی تقریب میں پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربیعی، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر اعجاز اللہ خان، الخدمت کراچی کے منظر عالم  اور  دیگر ذمہ داران سمیت این ڈی ایم اے کے عہدیداران نے شرکت کی۔

  الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن این ڈی ایم اے اور پاک فضائیہ(شاہین ائیر پورٹ سروسز) کے تعاون سے غزہ متاثرین کے لیے بھجوائی گئی چھٹی کھیپ  میں  45 ٹن تیار کھانا،30 ٹن خیمے، 25 ٹن ادویات اور 5 ٹن کمبل  شامل ہیں اور الخدمت اِسی ماہ پاک بحریہ کے تعاون سے سمندر کے رستے مزید 400 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کے لیے روانہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت اور عوام  مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر نے اہل پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں