عوام اب میثاق جمہوریت کے نام پر میثاق کرپشن کو قبول نہیں کرینگے‘ مسرت چیمہ

عمران خان سے خوفزدہ (ن) ، پی پی کی قیادت پس پردہ گٹھ جوڑ کر رہی ہے ،این ای127میں ڈور ٹو ڈور مہم، کارنر میٹنگز سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 18:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی جدوجہد سے خوفزدہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت پس پردہ گٹھ جوڑ کر رہی ہے ،عوام اب میثاق جمہوریت کے نام پر میثاق کرپشن کو قبول نہیں کریں گے ، ملک کے اربوں کھانے والوں کے چہروں سے نقاب اتارنا عمران خان کی بڑی کامیابی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کی مختلف یونین کونسلوں میں ڈور ٹو ڈور مہم اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ والے جس کارکردگی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں عوا م اس سے ہاتھ جوڑ کر پناہ مانگتے ہیں اور کسی صورت بھی اس کا تسلسل نہیں چاہتے ۔ انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ والے سرکار ی مشینری کے بل بوتے پر تو اپنے جلسے بھر لیتے تھے اب انتخابی مہم میں انہیں اپنی حیثیت اور مقبولیت کا اندازہ ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی انتخابی نتائج سے خوفزدہ ہے اس لئے ایک دوسرے کے بند دروازے کھولنے کاعندیہ دیا جارہا ہے۔ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور آئندہ کیلئے گٹھ جوڑ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے میثاق جمہوریت کے نام پر ایک دوسرے کی کرپشن کا تحفظ کیا گیا اور اب بھی اس میثاق کے نام پر میثاق کرپشن کی تیاری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں آکر عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر مہیا کرے گی جس سے ان کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی آئے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں