اساتذہ ، طلباء اور نصاب کا اعلیٰ معیار ملکی و معاشرتی ترقی کیلئے اہم ہے، پروفیسر نیاز احمد

بدھ 1 اگست 2018 21:44

لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے ہمیں اساتذہ، طلباء اور نصاب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہو گا۔ وہ کوئین میری کالج کے چوبیسویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پرنسپل کوئین میری کالج پروفیسرڈاکٹر عرفانہ مریم، کالج کے اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ خواتین کی تعلیم مردوں سے ذیادہ اہم ہے کیونکہ ایک ماں اگر تعلیم یافتہ ہو تو ایک مہذب معاشرے کی تشکیل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہائر ایجوکیشن کے شعبہ میںصرف 35 فیصد اساتذہ پی ایچ ڈی ہیں جبکہ یہ تعداد 100 فیصدہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب میرٹ پر کام کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں کیونکہ اب ایسا دور آ چکا ہے جس میں وہ بقاء کا مستحق ہو گا جو بہترین ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری علم کی تخلیق کرنا اور اس کے ثمرات ملک و قوم تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اسی لئے ہمارا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ملکی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے گریجوایٹس تیار کرنے کا کوئی فائدہ نہیں جن میں کوئی مہارت نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے جس میں تیزی سے جدت آتی ہے اگر اس جدت کے ساتھ اپنے آپ کو ہم آہنگ نہ کیا تو ہم پیچھے رہے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے دیکھ لیں کہ آج کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے ذیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ محنت کر کے اپنے مضمون میں مہارت حاصل کریںاور اپنے اندر کردار کی خصوصیات پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کوئین میری کالج ایک شاندار روایات کا حامل تعلیمی ادارہ ہے اوریہاں سے تعلیم مکمل کرنے والی طالبات مبارکباد کی مستحق ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ مریم نے کہا کہ سماجی و انفرادی ترقی میں تعلیمی پالیسیوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک محفوظ ، صحت مند اور خوشحال دنیا قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کی سالانہ کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔ کانوکیشن میں کامیابی حاصل کرنے والی 27 طالبات میں گولڈ میڈل، 9 طالبات میں سلور میڈل اور 27 طالبات میں رول آف آنر ز تقسیم کئے گئے۔ جبکہ مختلف پروگرامز میں کامیابی حاصل کرنے والی 1500 طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں