پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا ، غیر معیاری خوراک فروخت کرنیوالوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن

جمعہ 3 اگست 2018 23:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک مہیا کرنیوالوں کیخلاف لاہور میں کاروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹ ذدہ مرچیں تیار کرنے پر مرچ گرائنڈنگ یونٹ، زائد المیعاد خوراک فراہم کرنے پر فاسٹ فوڈ پوائنٹ،غیر معیاری نمکو اور پاپڑ تیار کرنے پر سنیکس پروڈکشن یونٹ اور ممنوعہ گٹکا کی فروخت پر پان شاپ کو سیل کر دیا گیا۔

جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر شہر بھر میں78فوڈ پوائنٹس کو جرمانے، 188کو وارننگ نوٹس جاری کئے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیمز نے کھوکھر ویلج میں ملاوٹ زدہ مرچیں تیار کرنے پر مہر شکیل مرچ گرائنڈنگ یونٹ سیل کر دیا۔ فیکٹری میں تیار کی جانے والی مرچوں میں چوکر، برادہ، ٹیکسٹائل کلرز کی ملاوٹ پائی گئی،صفائی کے ناقص انتظامات ، ملازمین کے میڈیکل اور حشرات کی بھرمار پر یونٹ کو سیل کرتے ہوئے فیکٹری سے 2900کلو ناقص مرچیں، 1700کلو مصالحے، بھاری مقدار میں برادہ اور ملاوٹی اجزاء برآمد کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

جبکہ مصری شاہ روڈ پر واقع یعقوب سنیکس پروڈکشن یونٹ کو بچوں کیلئے ناقص آئل سے غیر معیاری رنگین پاپڑ تیار کرنے،غیر معیاری مصالحہ جات کے استعمال ،پیکنگ پر غلط لیبلنگ کرنے ، صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اورنمکو میں حشرات کی موجودگی پر فیکٹری کو سیل کیا گیا۔اس کے علاوہ مین سولنگ روڈ غازی آباد پر معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ کوبدبودار چکن کی موجودگی،ناقص تیل کے استعمال، زائد المیعاد خوراک کی موجودگی اور غیر معیاری انتظامات پر فوڈ پوائنٹ کو سیل کر دیا گیا۔

مزید برآں بسی موڑپر واقع محسن پان شاپ کوممنوعہ گٹکا فروخت کرنے والے،ناقص انتظامات،زائد المیعاد اشیاء کی موجودگی اور حشرات کی بھر مار پر پان شاپ کو بھی سیل کر دیا گیا۔دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سئفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر شہر بھر میں کاروائیاں کرتے ہوئے 78فوڈ پوائنٹس کو ناقص انتظامات ، زائد المیعاداشیا ء کی موجودگی،نان فوڈ گریڈ کلر ،ناقص تیل استعمال کرنے اور حشرات کی بہتات پر جرمانے کئے۔ متعدد فوڈ پوائنٹس سے بھاری مقدار میں مضر صحت اور زائد المیعاد غذا کو تلف کر دیا گیا۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 188کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں