اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں‘چیف سیکرٹری پنجاب

ہندو ، سکھ میرج ایکٹس کے رولز آف بزنس کو حتمی شکل دینے کی ہدایت ، ملازمتوں کے کوٹہ پر پوری طرح عملدرآمد ہو رہا ہے‘اکبر درانی

جمعہ 10 اگست 2018 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر در انی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتوں کیلئے یکساں حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، صوبہ میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مائنارٹی رائٹس کے پانچ رکنی وفد سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں اقلیتوں کیلئے فیملی لاز اور ملازمتوں میں کوٹہ سے متعلق معاملات زیر غور آئے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری پر بہت زور دیتا ہے، رواداری، باہمی احترام اور بلاامتیاز انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے۔ انہوں نے سیکرٹری انسانی حقوق عاصم اقبال کو ہدایت کی کہ ہندو میرج ایکٹ اور سکھ میرج ایکٹ سے متعلق رولز آف بزنس کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کوترقی کے یکساں مواقع فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی، معاشرتی اور سماجی آزادی حاصل ہے اور اقلیتوں کیلئے ملازمتوں میں مختص کردہ کوٹے پر پوری طرح عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ آصف عقیل، خالد شہزاد، پروفیسر کلیان سنگھ، سمیرا شفیق، آئرہ اندریاس پر مشتمل وفد نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی او ر چیف سیکرٹری پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) نسیم نواز اور سیکرٹری ریگولیشن صالح طاہر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں