تبدیلی کے باوجودملک میں مختلف طاقتور مافیا زسرگرم ہیں : جمیل گوندل

مٹی یعنی زمین کو سونے بھی مہنگاکردیاگیا عام آدمی کیلئے اپنے گھر بنانادشوار ہوگیا

بدھ 19 ستمبر 2018 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) ہیومن رائٹس موومنٹ نیویارک کے صدر محمدجمیل گوندل نے کہا ہے کہ حالیہ الیکشن کے نتیجہ میں آنیوالی تبدیلی کے باوجود ملک میں مختلف طاقتور مافیا زسرگرم ہیں ۔ریاست کی رٹ اور گرفت نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ریاست نے عوام کو اراضی مافیاسمیت مختلف مافیازکے رحم وکرم پرچھوڑدیا۔مٹی یعنی زمین کو سونے بھی مہنگاکردیاگیا عام آدمی کیلئے،اپنے گھر بنانادشوارترین ہوگیا ۔

تعلیم اورصحت کے سرکاری اداروں کاکوئی معیار نہیں جبکہ نجی تعلیمی اورطبی ادارے عوام کااستحصال کررہے ہیں۔ ریاست کی طرف سے سرکاری اورنجی اداروں پرکسی قسم کا چیک اینڈبیلنس نہیں۔ وہ ایک اجلا س سے خطاب کررہے تھے۔محمدجمیل گوندل نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی وفاقی اورصوبائی وزارتو ں نے شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کیلئے کبھی کوئی کام نہیں کیا،محض سیمینارزکے انعقاد سے انسانی حقوق کی پامالی بندنہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق سے متعلق موادتعلیمی نصاب میں شامل اورشہریوں میں شعوربیدار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات اور منشیات دونوں کیخلاف کریک ڈائون کرنے کی ضرورت ہے۔منشیات کی فروخت سے وابستہ اورانہیں استعمال کرنیوالے عناصرکوروکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے باوجود چھوٹی عمر کے بچوں کو آزادانہ سگریٹ دستیاب ہیں۔عوامی مقامات پر اور ٹرانسپورٹ میں دھڑلے سے تمباکونوشی کی جاتی ہے ،ا سے روکا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروش مافیا نوجوانوں کی رگوں میں زہرانڈیل رہاہے ،ریاست روکتی کیوں نہیں۔منشیات کے عادی افراد کی زندگی بچانے کیلئے انہیںدھتکارنا نہیں اپناناہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان کی بحالی کیلئے ریاست کی ترجیحات درست نہیں،سرکاری طورپربحالی مراکز بناناہوں گے۔ جس طرح ریاست مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کو بنیادی ضروریات فراہم کرتی ہے اس طرح منشیات کے عادی افرادکابحالی مراکزمیں زبردستی مگرمفت علاج کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں