مرکز اہل سنت جامع حنفیہ فاروقیہ اسلام پورہ میں روحانی محافل کے سلسلہ کی آخری محفل

ہر مسلمان کو یقین کامل ہونا چاہیے کہ اہل بیت کی محبت ہی جنت کی گارنٹی ہے، علمائے کرام

اتوار 23 ستمبر 2018 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) مرکز اہل سنت جامع حنفیہ فاروقیہ اسلام پورہ میں روحانی محافل کے سلسلہ کی آخری محفل گزشتہ روز منعقد ہوئی جس کا اہتمام شیخ غلام حید ر قادری ، مفتی عارف ستار، صوفی ریاض الدین اینڈ سنز ،حافظ اسد عطاری،علامہ مفتی کاشف جمیل نے کیا ۔گزشتہ روز مفتی محمد اقبال جشتی کی زیر صدارت ہونے والی ’’محفل ذکر شہدائے کربلا‘‘ سے مفتی جمال الدین بغدادی قلندری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؑ کا راستہ ہی جنت کا راستہ ہے۔

نبی ؐ مہربان حضرت محمد ؐ کا ارشاد گرامی ہے کہ جس نے حسن ؑاور حسین ؑسے دشمنی کی اس نے مجھ سے دشمنی کی اور جس نے ان سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی۔ہر مسلمان کو یقین کامل ہونا چاہیے کہ اہل بیت کی محبت ہی جنت کی گارنٹی ہے۔

(جاری ہے)

ان سے بغض رکھنے والے نا صرف دنیا میں رسوا و نامراد ہوں گے بلکہ آخرت میںجہنم ان کا ٹھکانا ہے ۔حضرت امام حسین ؑ نے میدان کربلا میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دین اسلام کو زندگی بخشی۔

قیامت تک کے مسلمانوں کیلئے حق و باطل کے راستے جدا جدا کر دئیے۔ انہوں نے کہا کہ و اقعہ کربلا کائنات میں حق و باطل کا سب سے بڑامعرکہ ہے۔ حضرت امام حسین ؑ نے دین اسلام کی سربلندی اور اسلامی اقدار کیلئے اپنی اور اپنے 72 جانثاروں کی قربانی دی۔ میدان کربلا میں حضرت امام حسین ؑ اور ان کے ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف صبر و استقلال ، جرات وبہادری کی عظیم مثال پیش کی ہے جو قیامت تک کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی تاریخ شہدائے اسلام سے عبارت ہے ،ان کی شہادتوں سے اسلام کو عظمت و قوت حاصل ہوئی اور حق کا پرچم بلند ہوا۔ شہدا کربلا کی قربانیوں کا مقصد ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ تھا ۔ واقعہ کربلا پوری امت کے لیے درسگاہ ہے جو ظلم سے ٹکرانے اور حق کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔محفل کے اختتام پر ایک خوش نصیب کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرے کا ٹکٹ بھی دیا گیا اورملکی سلامتی،میڈیا کے تمام دوستوں جنہوں نے حضرت امام حسین ؑ کا پیغام ہزاروں لو گوں تک پہنچانے میںاپنا کر دار ادا کیا ان کیلئے ، ان کے والدین کیلئے،فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں اور عالم اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں