متروکہ وقف املاک بورڈ کا قابضین سے کروڑوں روپے مالیت کی جگہ واگزار کروانے کیلئے کارروائی کا آغاز

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:41

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) متروکہ وقف املاک بورڈ نے قابضین کروڑوں روپے مالیت کی جگہ واگزار کروانے کیلئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ،تفصیلات کے مطابق خسرہ نمبر 223واقع ڈھوک مریڈ راولپنڈی میں 4کنال 8مرلے پراپرٹی جسکی مالیت تقریبا 50کروڑ کے لگ بھگ ہے جو متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کی ملکیتی ہے، جس پر قابضین نے بوگس ،جعلی دستاویزات کے ذریعے ناجائزو غیر قانونی تعمیرات کر رکھی تھیں جنکی متعدد بار جگہ خالی کرنے کے نوٹس بھیجے مگر انہوں نے جگہ خالی نہ کی، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی محمد آصف خان نے اسسٹنٹ کمشنر نسیم افضل ، پولیس و انتظامیہ کی بھاری نفری اور مشینر ی کے ہمراہ قابضین کیخلاف کاروائی کرنے اور ناجائز تعمیرات کو گرانے کیلئے عملی کارروائی شروع کی تو قابضین نے جگہ خالی کرنے اور اپنا قیمتی سامان سمیت دیگر اشیاء اٹھانے کیلئے مہلت طلب کی ، قابضین کو سات یوم کا ٹائم دیا گیا کہ وہ 7دن کے اندر اپنا قبضہ اور تعمیرات ختم کر کے اپنا سامان اٹھا لیں بصورت دیگر تعمیر کی گئی غیر قانونی تعمیرات گرا کر ملبہ و دیگر سامان بحق سرکار ضبط کر کے قابضین کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت، چیئرمین بورڈ اور سیکرٹری بورڈ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بورڈ کی ملکیتی اراضی پر قابض قابضین کیخلاف بلا امتیاز آپریشن و کارروائی کی جائیگی تاکہ بورڈ کی ملکیتی پراپرٹی و اراضی قابضین سے واگزار کروائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں