نواز،شہباز اپنے ہی بنائے ہوئے نیب قوانین کا شکار ہوئے ہیں‘ظہیر الدین

وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کی عدم تعمیر سے ہونے والی اموات کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں‘صوبائی وزیر

جمعہ 16 نومبر 2018 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف اپنے ہی بنائے ہوئے نیب قوانین کا شکار ہوئے ہیں۔وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کی عدم تعمیر سے ہونے والی اموات کے ذمہ دار شہبازشریف اور قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز ہیں۔ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ مجھ پر بہت ظلم روا رکھے۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی نے جنوبی پنجاب میں کارڈیالوجی سنٹر، پریس کلب اور متعدد ہسپتال بنوائے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے کہ ہم نے سڑکیں بنوائیں جبکہ میں کہتا ہوں کہ آپ ہسپتالوں میں ایک بیڈ پر چار چار مریضوں کو دیکھیں۔ فلائی اوورز کے ساتھ آپ ان سکولوں کو بھی دیکھیں جن کی چاردیواری اور ان میں پینے کا پانی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی جب صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے ایک سرجیکل ٹاور شروع کروایا تھا لیکن جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو اس نے اس ٹاور کی تعمیر رکوا دی۔ انہوں نے کہا کہ سرجیکل ٹاور کی تعمیر کا فائدہ کسی مخصوص جماعت کو تو نہیں ہونا تھا بلکہ عام عوام نے اس سے مستفید ہونا تھا۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال نے خصوصاً سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد کے عوام کو طبی سہولیات پہنچانی تھیں۔

ن لیگ نے کمال بے رحمی سے اس ہسپتال کی تعمیر روک دی جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے لئے لاہور آنا پڑتا ہے۔ بہت سے مریض راستے میں ہی فوت ہو جاتے تھے۔ اس طرح شرح اموات ہر ماہ تقریباً 21 بنتی ہیں۔ اب آپ حساب لگا لیں کہ دس سالوں میں ایسی تمام اموات کی تعداد کیا ہو گی۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ ن لیگ آج نیب میں نقائص نکال رہی ہے۔ اپنے دور میں مخالفین کو سبق سکھانے کے لئے کھودے گئے گڑھے میں آج ن لیگ خود ہی گر چکی ہے۔ چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ لو آج اپنے ہی دام میں صیاد آ گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں