آٹھویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی

اتوار 18 نومبر 2018 21:00

لاہور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) آٹھویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف چیمپئن شپ‘ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب میں اختتام پذیر ہو گئی۔احمد بیگ گالف کلب کے لاہور گیریژن گالف اینڈ کنٹری کلب نے چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی۔چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہان خصوصی پاک بحریہ کے وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت ہلال امتیاز ملٹری نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گالفرزمیں انعامات تقسیم کئے۔

تین روزہ چیمپیئن شپ 16 تا18 نومبر تک جاری رہی جو اپنے آغاز سال 2011 سے قومی سطح پر منعقد ہونے والے گالف کے مقابلوں کا اہم حصہ ہے۔ 300 گالفرز نے چیمپیئن شپ کی امیچور‘سینئرز اور لیڈیز کیٹیگری میں حصہ لیا۔چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے وائس چیف آف دی نیول سٹاف نے چیمپیئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گالفرزکو مبارکباد دی اور چیمپیئن شپ کے دوران گالفرز کی طرف سے کئے جانے والی مہارتوں‘صلاحیتوں اور سپورٹس مین سپرٹ کے مظاہرے کو سراہا۔

(جاری ہے)

وائس چیف نے کہاکہ تدریسی سرگرمیوں کے فروغ اور ساحلوں سے دور لاہور شہر میں میری ٹائم شعور و آگہی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کھیلوں کے فروغ میں بھی سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔وائس چیف نے منتظمین‘اسپانسرز اور ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب کی مخلصانہ اور لگاتار کاوشوں کو سراہا جن کے بغیر چیمپیئن شپ کا کامیاب انعقاد ممکن نہ تھا۔

چیمپیئن شپ کی موثر نشرواشاعت اور کھیلوں اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے پر وائس نیول چیف نے میڈیا کے کردار کو سراہا۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ کے دوران چیمپیئن شپ کے آرگنائزر اور اسٹیشن کمانڈر(نیوی) لاہور کموڈور نعمت اللہ ستارہ امتیاز ملٹری نے قیمتی وقت نکالنے پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔اسٹیشن کمانڈر نے مزید کہا کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کی بنیادی ذمہ داری کے علاوہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ صف اول پر رہی ہے۔

اسٹیشن کمانڈر نے مزید کہا کہ گالف کے کھیل کا فروغ ہمیشہ پاک بحریہ کی ترجیح رہی ہے اور امید ہے کہ یہ چیمپیئن شپ موجودہ ٹیلنٹ میں مزید نکھار پیدا کرے گی اور نوجوان گالفرز کو قوقی سطح پر ابھرنے میں مددگارثابت ہو گی۔چیمپیئن شپ کی تقریب انعامات میں سول و عسکری شخصیات اور گالفرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں