ریلوے لاہور ڈویژن کی جانب سے نومبر میں 2930بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف کاروائی کی گئی‘ڈویژنل کمرشل آفیسر غلام فرید اسد

اتوار 2 دسمبر 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) ڈویژنل کمرشل آفیسر غلام فرید اسد نے نومبر 2018 میں مختلف ٹرینوں پر اچانک چھاپے مارکر مفت خوروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں لاکھوں روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروادیئے ہیں۔ تفصیلات کی مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ڈی سی او ریلوے نے اپنے کمرشل انسپیکٹرز اوراسپیشل ٹکٹ ایگزامینرز گروپ (اطراف) کے ہمراہ لاہور ڈویژن کی حدود میں مختلف ٹرینوں پر اچانک چھاپے مار کر نومبر میں 2930 بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 3402010 ( چونتیس لاکھ دو ہزار دس) روپے وصول کیے جو بعدازاں قومی خزانے میں جمع کروادیئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او ریلوے لاہور کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے کے رجحان کو بہترین حکمت عملی سے ہر صورت ختم کریں گے۔ اس ضمن میں اچانک چھاپہ مار ٹیموں کی باقاعدہ ترتیب و تربیت بھی کی جائے گی تاکہ مفت خوروں کے خلاف کاروائیوں کو موثر بنایا جا سکے۔ یاد رہے بغیر ٹکٹ سفر کرنے کے عادی مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں وصول کی گئی آمدنی مجموعی طور پر ریلوے کی آمدنی میں اضافے کا باعث بنتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ مفت خوروں کی حوصلہ شکنی بھی ہوتی رہتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں