وزیراعظم کے 100 روزہ پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب نے زرعی ادویات کی مانیٹرنگ کیلئے ٹاسک فورس کمیٹی قائم کر دی

اتوار 9 دسمبر 2018 20:30

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے 100 روزہ پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے زرعی ادویات کی مانیٹرنگ کیلئے ٹاسک فورس کمیٹی قائم کردی ہے۔یہ ٹاسک فورس کمیٹی زرعی ادویات کی قیمتوں کے علاوہ ادویات کی کوالٹی کی مانیٹرنگ بھی کرے گی۔

یہ ٹاسک فورس کمیٹی میاں علمدار عباس قریشی ایم پی اے ضلع مظفرگڑھ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جب کہ ٹاسک فورس کمیٹی کے دیگر ممبران میں سیکرٹری زراعت پنجاب ،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس ) زراعت ،ملک غلام مرتضیٰ رحیم کھر،سابق ایم پی اے ضلع مظفرگڑھ،ڈاکٹر وسیم حسن لنگڑیال،ٖضلع مظفرگڑھ،میاں عبدالحنان،مدثرسعیدباجوہ،ممتاز محمد خان،برئگیڈئیر(ر) حمید خلیل،کامران خورشید شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ٹاسک فورس کمیٹی زرعی ادویات کی کوالٹی کو چیک کرے گی اور قیمتوں میں ریلیف کے متعلق اپنی سفارشات ارسال کرے گی۔اس ضمن میں زرعی ادویات کی کوالٹی چیکنگ کیلئے موبائل لیبارٹری کا قیام جلد عمل میں لایا جارہا ہے۔زرعی ادویات کمپنیوں کی کوالٹی اور معیار کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پربارکوڈ کا اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ زرعی کمپنیوں کی اصل ادویات کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے اور مارکیٹ میں جعلی ادویات کی سپلائی کو روکا جا سکے۔

یہ کمیٹی زرعی ادویات کی قیمتوں کا تعین کرنے کیلئے کمپنیوں کے مالکان سے مل کر طے کرے گی تاکہ چھوٹے کسانوں کو مناسب قیمت پر زرعی ادویات مہیا کی جا سکیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ زرعی ادویات کی مانیٹرنگ کو یہ ٹاسک فورس کمیٹی یقینی بنائے گی اور کاشتکاروں کے مفاد میںبہتر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ زراعت کی بہتری سے ملکی معیشت کو بہتر بنایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں