پاکستان رائٹرز کونسل کی جانب سے ماہر تعلیم ڈاکٹر شاہد سرویا کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد

پیر 10 دسمبر 2018 18:08

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) ادبی و صحافتی لکھاریوں کی ملک گیر تنظیم پاکستان رائٹرز کونسل نے مقامی ہوٹل میں معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر شاہد سرویا کے اعزاز میں تقریب استقبالیہ منعقد کی۔ سینئر دانشور اور براڈکاسٹر ابصار عبدالعلی نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب سے ڈاکٹر اختر شمار،علی اصغر عباس،گل نوخیز اختر، فہد شہباز خان، ندیم نظر، عقیل انجم اعوان، غلام محی الدین، ڈاکٹر خاور خورشید،آسیہ اشرف اور ڈاکٹر شریف سلفی نے خطاب کیا، صدر پاکستان رائٹرز کونسل الطاف احمد نے تنظیم کا تعارف پیش کیا اور اس طرح کی سماجی تقریبات کے جاری رکھنے کا عزم کیا۔

مقررین نے ڈاکٹر شاہد سرویا کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا، ڈاکٹر شاہد سرویا نے کہا کہ لکھاری کسی بھی قوم کے فکری رہنما ہوتے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ آج کا لکھاری بیدار ہے اور بات کہنے کا ہنر اور حوصلہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ابصار عبدالعلی نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات میں تحقیق اور تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مرزا محمد یسین بیگ چئیرمین پاکستان رائٹرز کونسل نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں شاہد سرویا کے زیرسایہ کام کرچکا ہو، یہ روایتی حاکم بالا نہیں بلکہ صحیح معنوں میں قائد اور تربیت کار ہیں، اس موقع پر محفل مشاعرہ بھی برپا کی گئی، جس میں ابصار عبدالعلی، اختر شمار، علی اصغر عباس، افضل عاجز،گل نوخیز اختر، اور الطاف احمد نے کلام پیش کیا، ٹیم ممبران شفاعت مرزا، اکبر علی، مہرشوکت علی، نصر من اللہ، شریف عابد کی طرف سے معزز مہمان خصوصی کو پھول اور تحائف پیش کئے گئے، تقریب کے آخر میں نوجوان کہانی کار سعدیہ یاسین کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں