اے پی ایس کے شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے‘ صوبائی وزراء

شہدا ء کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی،علم کی طاقت سے دہشتگردی اور جہالت کے اندھیرو ں کا خاتمہ کرینگے‘ وزیر تعلیم مراد رراس سا نحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشتگردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا‘ وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں

اتوار 16 دسمبر 2018 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا ء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے،آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم علم کی طاقت سے دہشتگردی اور جہالت کے اندھیرو ں کا خاتمہ کریں گے۔آرمی پبلک سکول پشاورکے بچو ں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے بہادری اورجرت کی نئی تاریخ رقم کی۔

16دسمبر کا دن ہمیں آرمی پبلک سکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔پوری قوم شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہے۔انہوںنے کہا کہ پوری قوم آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہدا ء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا ء کی چوتھی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں آرمی پبلک سکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔

معصوم بچوں کے خون نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نیا حوصلہ اور عزم دیا ۔شہید بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ سا نحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا۔معصوموں کا خون رنگ لایا ہے، آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ کے نتیجے میں ہم سے بچھڑ جانے والوں کی یاد ایک کسک بن کر ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی، سفاکیت کے علمبرداوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا،معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانی نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم کو بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم سانحہ اے پی ایس کے شہدا ء اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔سانحہ اے پی ایس کا دن ایک قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا دن بھی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں