ویجیلنس سکواڈ نے ایک نر سانبھڑ اور پاڑہ ہرن قبضہ میں لے کر لاہور پہنچا دیئے

سانبھڑ ہرن منجی توڑ نارووال جبکہ پاڑہ ہرن سیالکوٹ کے سرحدی علاقے سے پکڑے گئے، سفاری زو اور لاہور چڑیا گھر منتقل ویجیلنس سکواڈ اور فیلڈ سٹاف کو شاباش، تمام افسران و اہلکاران اپنے متعلقہ علاقوں میں جنگلی حیات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں ‘ڈی وائلڈلائف پنجاب ثنااللہ

بدھ 19 دسمبر 2018 17:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب ثنااللہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر گوجرانوالہ ریجن عبدل شکور منج کی سربراہی میں تشکیل دیئے گئے ویجیلنس اسکواڈ نے سیالکوٹ اور نارووال کے سرحدی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایک پاڑہ ہرن اور ایک سانبھڑ ہرن قبضہ میں لے کر انہیں لاہور سفاری زو اور لاہور چڑیا گھر پہنچا دیا۔

قصور کے علاقے میں ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن سید ظفر الحسن کے فیلڈ سٹاف نے غیر قانونی شکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان سے ایک لاکھ 81 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ویجیلنس اسکواڈ کے سربراہ عبدل شکور منج کو خفیہ اطلاع ملی کہ نارووال کے علاقے میںسانبھڑ ہرن دیکھا گیا ہے جس پر انہوں نے ریسکیو 1122 کے ملازمیں کی تعاون سے اسے قبضہ میں لے لیا جبکہ دوسری کارروائی میں سیالکوٹ کے سرحدی علاقے میں پاڑہ ہرن کی اطلاع ملنے پر انہوں نے مقامی پولیس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے اسے قبضہ میں لے لاہور چڑیا گھر بھجوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن سید ظفر الحسن کو خفیہ اطلاع ملی کہ کچھ لوگ قصور کے علاقے چھانگا مانگا میں شکار کر رہے ہیں جس پر انہوں نے فوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن محمد رفیق کی سربراہی میں چھاپہ مار پارٹی تشکیل دی جس نے مقامی وائلڈ لائف سٹاف کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزمان محمد شفیع، شوکت ، محمد اکرم اور ابراراللہ کو چھانگا مانگا وائلڈ لائف سینکچوری میں شکار کھیلتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کا چالان کر دیا اور ملزمان کی محکمانہ معاوضہ دینے کی درخواست پر ان سے 60 ہزار روپے وصول کر لئے۔

اسی چھاپہ مار ٹیم نے کیلو ونگ بارڈر ایریا قصور کے علاقے میں مرغابی کا غیر قانونی شکار کرنے پر ملزمان عاطف، شہزاد اور بلا ل کا چالان کر کے انہیں گرفتار کر لیا اور ان کی محکمانہ معاوضہ دینے کی درخواست پر ان سے 30 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کر لیا۔ ایک دوسری چھاپہ مار ٹیم کو اطلاع ملی کہ کچھ لوگوں نے قصور کے علاقے کھڈیاں میں سانبھڑ کا شکار کیا ہے جس پر وہ موقع پر پہنچے تو ملزمان ذبح شدہ سانبھڑ کو چھوڑ کر فرار ہوگئے جس پر انہوں نے ذبح شدہ سانبھڑ کو 91 ہزار روپے میں نیلام کر دیا اور حاصل شدہ رقم خزانے میں جمع کر وا دی ہے۔

ڈی جی وائلڈ لائف ثنااللہ نے ویجیلنس اسکواڈ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سید ظفر الحسن او ر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف محمد رفیق کو شاباش دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ محکمہ کے افسران و اہلکاران جنگلی حیات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے۔انہوں نے صوبہ بھر کے تمام افسران کو ہدائت کی کہ غیر قانونی شکار کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں