صنعت اور بزنس کیلئے تاریخی سہولیات اور ٹیکس مراعات سے ملک میں صنعتکاری کا عمل تیز، برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا ‘افتخار علی ملک

کاروباری برادری ان سہولیات اور مراعات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک میں اقتصادی استحکام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی

بدھ 23 جنوری 2019 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے ملک میں صنعت اور بزنس کیلئے تاریخی سہولیات اور ٹیکس مراعات پر مبنی مالیاتی ترمیمی بل پیش کرنے پر وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں صنعتکاری کا عمل تیز ہو گا، برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا اور بزنس فرینڈلی ماحول پروان چڑھے گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے مالیاتی ترمیمی بل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ فائلرز پر بنکوں سے رقوم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ، بزنس اکانٹس پر ہر ماہ ودہولڈنگ ٹیکس سٹیٹمنٹ جمع کرانے کی بجائے سال میں صرف دو مرتبہ جمع کرانے کی سہولت، سٹاک مارکیٹ پر ٹیکس میں رعایت، چھوٹے شادی ہالوں پر ٹیکس میں رعایت، صنعتی خام مال پر ڈیوٹیز میں کمی، نیوز پرنٹ پر امپورٹ ڈیوٹی کا خاتمہ، قابل تجدید توانائی کے شعبے کیلئے ٹیکس میں چھوٹ، بنکنگ انکم پر سپر ٹیکس کا خاتمہ اور موبائل فون پر ٹیکس کے نظام کی آسانی موجودہ حکومت کے تاریخی اعلانات ہیں جو ملک میں صنعتوں کا پہیہ چلانے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اعلانات گزشتہ چند ماہ کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر کی تاجروں اور صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران بزنس کمیونٹی کی طرف سے دی گئی تجاویز کے عکاس ہیں اور ہمارے بہت سے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے بزنس کمیونٹی کے دل جیت لئے ہیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ ہم حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ کاروباری برادری ان سہولیات اور مراعات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک میں اقتصادی استحکام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں