گیس کی قیمت میں مسلسل اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

نئے پاکستان کا خواب دکھانے والوں نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 26 مارچ 2019 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ گیس کی قیمت میں مسلسل اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے ۔ نئے پاکستان کا خواب دکھانے والوں نے غریب اور سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ کرپشن کے خاتمے اور تبدیلی کا نعرہ لگا نے والوں نے ابھی تک کرپشن کا پیسہ واپس لانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے اگر ملک سے لوٹا گیا کرپشن کا پیسہ واپس پاکستان لایا جائے تو مفت تعلیم،مفت علاج اور تمام بے گھر افراد کو گھر مہیا کیے جا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی امراء سازی کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، ڈپٹی سکرٹریز جماعت اسلامی لاہور مرزا عبدالرشید، عبدالحفیظ اعوان، رہنما جماعت اسلامی سطوت کلیم، اسلم شاہین، ابوکف، احمد رسول و دیگ عہدیداران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کریشن کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے ۔ملک کے چند خاندانوں نے اپنی سرکاری حیثیت کا فائدہ اٹھا کر اور سیاسی منصبوں کو استعمال میں لاتے ہوئے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ملک کو لوٹا ہے جبکہ پاکستان میں 80 فیصد غریبوں کو پینے کا صاف پانی،بجلی اور صحت جیسی سہولیات بھی میسر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک اداروں کو کرپشن سے پاک اور آزاد بنا کر میرٹ کے مطابق قوانین نہیں بناینگے تب تک نظام درست نہیں ہوگا۔ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت وعدوں اور دعووں سے عوام کو بے وقوف بنانے کی بجائے عملی طور پر عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرے اور حالیہ گیس کی قیمت کے اضافہ کو فی الفور واپس لے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں