سیشن عدالت لاہورنے ایک سال کا بچہ دادی سے لے کر ماں کے حوالے کر دیا

سندس نامی خاتون نے اپنی ساس سے بچہ واپس لینے کے لئے حبس بے جا کا کیس دائر کیا تھا

جمعرات 18 اپریل 2019 23:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) سیشن عدالت نے ایک سال کا بچہ دادی سے لے کر ماں کے حوالے کر دیا۔ سندس نامی خاتون نے اپنی ساس سے بچہ واپس لینے کے لئے حبس بے جا کا کیس دائر کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج رائے محمد خان کھرل نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار خاتون اپنی والدہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔ عدالتی حکم پر پولیس نے ایک سال کے بچے احتشام کو دادی سمیت عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار خاتون سندس نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کا خاوند رضوان اور ساس زبیدہ اسے اپنے والدین سے رقم لانے کا مطالبہ کرتے تھے اور انکار پر اس پر آئے روز تشدد کرتے رہتے تھے۔ کچھ عرصہ قبل اس کے خاوند سے اسے مار پیٹ کر گھر سے نکال کر اس کا ایک سال کا بچہ اس سے چھین لیا جسے بچے کی دادی نے زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت دادی سے بچہ بازیاب کروا کر اس کے حوالے کرنے کا حکم دے۔ بچے کی دادی نے عدالت کو بتایا کہ بچے کی ماں اپنی مرضی سے شوہر سے لڑ کر گھر سے گئی، اسے کسی نے گھر سے نہیں نکالا۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ایک سالہ بچہ دادی سے لے کر والدہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں