ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ایک تجربہ کار معیشت دان ہونے کے ناطے ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے ، چیئرمین پیاف

جمعہ 19 اپریل 2019 15:40

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف)کے چیئرمین میاں نعمان کبیر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وزیر خزانہ اسد عمر کی جگہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ تعینات کرنے کو درست قدم قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ 2010ء سے 2013 ء تک وزیر خزانہ تعینات رہے ہیں اور وہ اپنے گزشتہ تجربے سے ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔

ان کی بطور مشیر خزانہ تعیناتی سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی ۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات ، ایف اے ٹی ایف کے مطالبات، نئے بجٹ کی تیاری سمیت ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز حل کرنے میں مدد ملے گی۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ کہ کوئی معیشت دان ہی ملکی معیشت کو بہتر انداز میں چلاسکتا ہے، معیشت پیداوار اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا نام ہے، معیشت کو ہمیشہ پرائیویٹ سیکٹر ہی بہتر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے امید ظاہر کی کہ روپے کی قدر میں کمی اور حکومتی قرضوں میں اضافے کے مسائل بھی احسن طریقے سے حل ہوں گے اور معاشی بحران، افراط زر اور پیداواری لاگت میں اضافہ کے مسائل میںبھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نہ صرف اپنی قابلیت اور تجربہ سے ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے بلکہ ملک پر واجب الادا قرضوں سے نجات بھی دلوائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں