اعزازی گیم وارڈن پنجاب اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن کی مشترکہ کارروائی

نایاب کچھووں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے دو ملزمان کوگرفتار کر کے 19 کچھوے برآمد کر لئے

ہفتہ 25 مئی 2019 22:37

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیراور ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن کے سکواڈز نے رات گئے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے نایاب کچھووں کا کاروبار کرنے والے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور ان کے قبضہ سے 19 کچھوے برآمد کر لئے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ، تفصیلات کے مطابق اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیر نے دو ہفتے قبل فیس بک پر ملزمان کی طرف سے کچھووں کی فروخت بارے تفصیلات دیکھیں تو انہوں نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر ملزمان نے پکڑائی نہ دی جس پر انہوں نے چند دن کے وقفے کے بعداپنے سکواڈ کے واچر کی خاتون کی آواز میں ملزمان سے بات کروائی اور ملزمان عبدالباسط ولد محمد اخلاق اور نعمان ولد اعجاز کو یقین دلایاکہ ان کی میڈم کچھوے پالنے کی شوقین ہے جس پر ملزمان نے بتایا کہ ان کے پاس 19 کچھوے ہیں جن میں 13 رشیئن، 4 سلکاٹا جبکہ 2 بلیک پونڈ ہیں، ملزمان سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں قیمت طے پائی اوررقم لینے اور ڈلیوری دینے کیلئے دھرم پورہ پل کے پاس جگہ طے پائی ، اعزازی گیم وارڈن بدر منیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور ریجن عبدالشکور منج نے وائلڈ لائف انسپکٹر محمد جاوید اقبال، وائلڈلائف واچران عاشق علی، اعجاش علی، نوید اسحاق ، شاہد رفیق پر مشتمل دو چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے کچھووں کی ڈلیوری دینے آئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا،ملزمان کو کچھووں سمیت عدالت میں پیش کیاگیا جس پر عدالت نے ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا جبکہ کچھووں کو لاہور چڑیا گھر منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے کامیاب کارروائی کرنے پر چھاپہ مار ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے رہنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں