mشہدائے ماڈل ٹائون کی 5ویں برسی، 300شہروں میں قرآن خوانی

اتوار 16 جون 2019 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2019ء) سانحہ ماڈل ٹائون کے 5سال مکمل ہونے پر پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں 300سے زائد مقامات پر شہداء کیلئے قرآن خوانی کی گئی، 17 جون سانحہ ماڈل ٹائون کو پانچ سال مکمل ہونے پر حکومتی بربریت اور سفاکانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے جوانوں، خواتین، معصوم بچوں اور بزرگوں کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت کیلئے شہر شہر تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، دعائیہ تقاریب میں خواتین، بچوں اور بزرگوں نے پھول ،کتبے اور بینرز اٹھا کر شہداء کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت اور انصاف کا مطالبہ کیا، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فریدکی قیادت میں پی اے ٹی اور منہاج القرآن کے مرکزی،صوبائی، ضلعی قائدین و کارکنان پر مشتمل وفد نے لاہور میں 6شہدائے ماڈل ٹائون کی قبروں پر حاضری دی ،پھولوں کی چادریں چڑھائیں ،فاتحہ خوانی کی ،وفد نے شہداء کے ورثاء کے گھر جا کر اظہار یکجہتی کیا ،شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور یہ پیغام دیا کہ پوری تحریک شہدائے ماڈل ٹائون کے ساتھ کھڑی ہے ،شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،شہدائے ماڈل ٹائون نے ظلم کے نظام کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنمائوں نے لاہور میں 17 جون سانحہ ماڈل ٹائون میں شہید ہونے والی تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی قبروں پرحاضری دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کا خون قرض، آخری سانس تک انصاف مانگیں گے،ظالم حکمرانوں نے خواتین کے چہروں پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کر کے بزدلی کی شرمناک تاریخ رقم کی، ماڈل ٹائون میں ظالم حکمرانوں نے اپنے ہی شہریوں کا خون بہایا، 5سال گزر گئے انصاف نہیں ملا، شہدائے ماڈل ٹائون ہمارا فخر ہیں، انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

وفد نے عاصم حسین شہید، غلام رسول شہید، صوفی محمد اقبال شہید، عمر صدیق شہید کی قبروں پر بھی حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں، شہداء کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک نے اپنے شہداء کو یاد رکھا ہے او ران کی قربانیوں کو فخر کا تاج سمجھتے ہیں، شریف برادران نے اپنا اقتدار اور لوٹی دولت بچانے کیلئے ماڈل ٹائون میں بے گناہوں کا ٰخون بہایا، شریف خاندان کو ماڈل ٹائون میں بہنے والے خون کے قطرے قطرے کا حساب دینا ہو گا، منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قائم یادگار شہداء پر بھی دعائیہ تقریب کاانعقاد کیا گیا، عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے مرکزی رہنمائوں و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، شہداء کی یادگار پر پھولوں کے نذرانے پیش کیے گئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کی پانچویں برسی کے موقع پر مرکزی تقریب آج 17 جون کو دوپہر 2بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی، قائد منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب و آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

دعائیہ تقاریب میں چودھری محمد افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ، انجینئر ثناء اللہ خان، اخلاق حسین ،محمد اصغر ساجد، میاں محمد حنیف، چودھری اقبال، مرزاندیم بیگ، میاں ممتاز حسین، رمضان ایوبی، محمد حسیب، شفاقت علی مغل، راجہ محمد عزیز، علامہ غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل حنفی، طارق الطاف سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں