ڈینگی معاشرتی مسئلہ ہے ، ہمیں مل کراسے شکست دینا ہے،وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:24

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) صوبائی وزیراطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک کسی مسئلے پر قابو نہیں پا سکتاجب تک معاشرے کے تمام افراد اس میں کردار ادا نہ کریں۔ڈینگی بھی ایک معاشرتی مسئلہ ہے اور ہمیں مل کر اس کے خلاف لڑناہے اوراسے شکست دینا ہے۔صوبائی وزیر نے یہ بات گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سمن آباد میں انسداد ڈینگی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پرنسپل کالج حلیمہ ناز،اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کالج میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی اور انسداد ڈینگی ریلی میں بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ اس کے ساتھ لڑنا ہے اور اس پر قابو پانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈینگی کی وبا ء پر قابو پانے کے لئے بھرپور آگاہی کی ضرورت ہے ۔

حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات مل کر ڈینگی کے مسئلے پر قابوپا سکتے ہیں۔ڈینگی مچھر صاف پانی میں پیدا ہوتا ہے ہمیں اپنے گھروں،محلوں،دکانوں اور دفاتر کو صاف ستھرا رکھنا ہے اوراس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کہیں پانی کھڑا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے۔اس لئے ہمیں صفائی وستھرائی پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے تمام ذمہ داری حکومت پر نہیں ڈالی جا سکتی،سب کو مل کر ڈینگی کی وبا ء پر قابو پانا ہے۔صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ کھسوٹ میں ریکارڈ بنانے والے بلا امتیازاحتساب کے عمل پر بلاجواز واویلا کررہے ہیں۔کرپٹ عناصر سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہرپاکستانی کے دل کی آواز ہے۔قومی دولت لوٹنے والوں کو ہرقیمت پر حساب دینا ہو گا۔

اپوزیشن اپنے کرپٹ لیڈروں کو بچانے کی بجائے نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے باہر نکلے۔مولانا فضل الرحمن کشمیرکمیٹی کے فنڈ اوراقتدار کی ہوس کودل سے نکال کرکشمیریوں کی محبت دل میں بسائیں۔کیا ہی اچھا ہوتا کہ مولانا کرپٹ عناصر کی خاطر آزادی مارچ کرنے کی بجائے کشمیریوں کے لئے آزادی مارچ کرتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں