قدرتی وسائل کے موثرو پائیدار ذرائع کے استعمال بارے پنجاب یونیورسٹی اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے درمیان معاہدہ

جمعرات 14 نومبر 2019 21:02

لاہور۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے درمیان ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے اور شہروں میں جنگلات کی ترقی کیلئے مشترکہ کام کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

جس میں وائس چانسلر پروفیسر نیازا حمداختر، چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الٰہی ، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدراور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ثوبیہ خرم نے شرکت کی۔ معاہدے کے مطابق فریقین قدرتی وسائل کے موثراور پائیدار ذرائع کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی اورپاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت ، ائیر کوالٹی اور انسانی صحت پر اثرات سے متعلق مسائل پر باہمی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔معاہدے کی رو سے فریقین جدید توانائی کے ذرائع حاصل کرنے اور جنگلات کی کٹائی کی حوصلہ شکنی کیلئے اقدامات کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ اگلی نسلوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ماحولیاتی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ماحولیاتی تبدیلیاں خطرے کی گھنٹیاں بجا رہی ہیں جس سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے اگر ایسا نہ کیا گیا تو زمین پر زندگی کا وجود ناپید ہوتاجا ئے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں