چیف سیکرٹری کا لاہور میں ٹریفک مینیجمنٹ، پارکنگ، سڑکوں کی خوبصورتی سے متعلق پلان تیار کرنے کا حکم

تجاویز کیلئے منتخب عوامی نمائندوں، تاجر تنظیموں اور متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جائیں‘اعظم سلیمان خان لاہور پارکنگ کمپنی ریونیو میں اضافہ کرے، گداگری کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں‘ چیف سیکرٹری پنجاب اجلاس سے خطاب

ہفتہ 14 دسمبر 2019 18:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2019ء) چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر ) اعظم سلیمان خان نے ہدایت کی ہے کہ لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ، سڑکوں کی خوبصورتی اور سٹیٹ لینڈ کے مفاد عامہ میں استعمال سے متعلق جامع پلان تیار کیا جائے۔کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں، تاجر تنظیموں اور متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جائیں جو تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد قابل عمل تجاویز پیش کریں ۔

انہوں نے کمشنر لاہورڈویژن کو ہدایت کی کہ ریو نیو وصولی کے اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے ، سٹی آف لٹریچر لاہور کی ثقافت اورسیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکم دیا کہ لاہور پارکنگ کمپنی اپنے ریونیو میں اضافہ کرے اور ٹریفک پولیس کی معاونت سے سروے کے بعد دس دن کے اندر بے قاعدہ و غیر قانونی پارکنگ ایریاز سے متعلق رپورٹ تیار کرے۔

کلین اینڈ گرین مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہر میں صفائی کے انتظامات اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے، درخت نا صرف ماحول کو بہتر بناتے ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے شجرکاری کے ہدف میں اضافہ کرے۔انہوں نے گداگری کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل اور پارکس میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے سکرینیں نصب کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میںکمشنر لاہور سیف انجم، ڈی جی ایل ڈی اے سمیر احمد سید، ڈی سی لاہور دانش افضال، سی ٹی او لاہور لیاقت علی، ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی راو امتیاز، ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان، سی او ایم سی ایل علی عباس بخاری، ایم ڈی لاہور پارکنگ کمپنی قلب عباس، ڈائریکٹر واسا، ایس پی ٹریفک اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں