بیالیسویں سپیشل ٹریننگ پروگرام میں شامل زیر تربیت افسران کا سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے وفد کے شرکاء کو پنجاب پولیس کے جدید پراجیکٹس کے متعلق آگاہ کیا

جمعرات 23 جنوری 2020 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2020ء) ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے شب و روز کوشاں ہے اورماڈرن پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کے ساتھ ساتھ بھرپور انسدادی کاروائیوں اور جدید انویسٹی گیشن طریقہ کار کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کے ساتھ عوام کی حفاظت اور خدمت کے عمل میں کوئی کسر باقی نہ رہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے صوبے کے تمام تھانوں کو ڈیجیٹائزکر دیا گیا ہے اور فرنٹ ڈیسک، حوالات اور ایس ایچ اوز کے کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ان کیمروں کوآر پی او آفس، ڈی پی او آفس کے علاوہ سنٹرل پولیس آفس میں مانیٹر کیا جا تاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ ایس پی یو ، سی ٹی ڈی ، اینٹی رائٹ ، ڈولفن اور پیروسمیت دیگر سپیشلائزڈ فورسز کے قیام سے پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے جس سے پولیس درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما ہورہی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اہلکاروں میں سٹریس مینجمنٹ سے متعلق مسائل کے ازالے کیلئے محکمے میں سائیکالوجسٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ سزاو جزا کے حوالے سے پنجاب پولیس میں انٹرنل اکائونٹیبلیٹی کا سخت نظام رائج ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں مطالعاتی دورے پر بیالیسویں سپیشل ٹریننگ پروگرام میں شامل افسران سے گفتگو اور انکے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ سلیمان سلطان رانا اور اے آئی جی آپریشنز عمران کشور بھی موجود تھے ۔ سول سروسز اکیڈمی لاہور سے آئے زیر تربیت افسران کو پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کاراور جدید پراجیکٹس کے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ افسران نے عوامی مسائل اور پنجاب پولیس کو درپیش چیلنجز سے متعلق مختلف سوالات بھی پوچھے جن کے جوابات دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے انہیں بتایا کہ سیف سٹی لاہو ر کی طرز پر صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم شروع کئے گئے ہیں جن سے مانیٹرنگ اور سرویلنس کے نظام میں خصوصی مدد مل رہی ہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں تیز ترین کاروائیاں جاری ہیں جبکہ سی ٹی ڈی کی بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کے خاتمے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس شہریوں کی درخواستوں پر فی الفور کاروائیوں کو یقینی بنار ہے ہیں جبکہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے 8787کمپلینٹ سنٹراور کھلی کچہریوں کا باقاعدگی سے انعقاد یقینی بنایا جاتا ہے جن کا مقصد شہریوںکے مسائل کا فوری خاتمہ ہے۔ دورے کے اختتام پرایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی اور وفد کے سربراہ کے مابین اعزازی سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں