ڈسٹرکٹ جیل رحیم یار خان میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی

اتوار 24 مئی 2020 15:50

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) ڈسٹرکٹ جیل رحیم یار خان میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی۔د ن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔تمام اسیران نے تلاوت کلام پاک کے بعد ملک کی سلامتی وخوشحالی کے لئے دعا کی۔تمام ترکورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے نماز عید الفطر اندرون جیل ادا کی گئی جس میں سپرنٹنڈنٹ جیل سید بابر علی،آفیسران اور سٹا ف ممبرز نے اسیران کے ہمراہ نماز عیدلفطر ادا کی۔

نماز کے بعد اسیران کو عید کی خوشیوں کی مبارکباد دی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان علی شہزاد،اسٹنٹ ڈپٹی کمشنر(جنرل)ڈاکٹر جہانزیب اور اسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست نے جیل ہذا کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر و دیگر نے جیل ملازمین میں عیدی تقسیم کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے خواتین وارڈ کا دورہ کیا اور خواتین کو دستکاری،ٹیلرنگ،بنیادی تعلیم وتربیت کے کورس کے علاوہ بیوٹیشن کورس کے آغاز کو بھی سراہا اور خواتین اسیران میں عید الفطر کے موقع پر مٹھائی تقسیم کی گئی۔

اس کے علاوہ مہمان خصوصی نے کچن اسیران کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے جیل میں مقید اسیران کے لئے تیار کیے گئے کھانے کو چیک کیا اور کچن اسیران میں کیے گئے انتظامات کو معیاریاور تسلی بخش قرار دیا۔ علی شہزاد و دیگر نے جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا،بیمار اسیران کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی خوشیوں کی مبارکباد بھی دی۔بعد ازاں انہوں نے نو عمر اسیران وارڈ کا دورہ بھی کیا اور مٹھائی تقسیم کی، جیل میں موجود چھوٹے بچوں میں گفٹ بھی تقسیم کیے۔اس موقع پر جیل ہذا پر سیکیورٹی کی خصوصی انتظامات کیے گئے۔اس دوران کورونا وائرس سے متعلق تمام تر ہدایات پر سختی سے عمل کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں