ٹیکسٹائل برآمدات کیلئے 10سال کیلئے بجلی کی قیمت فی یونٹ 9سینٹ ، گیس کی قیمت فی ایم ایم بی ٹی یو 6.5ڈالر پر برقرار رکھی جائے ‘ اپٹما

ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی ضرورت 1.5کروڑ کپاس کی گانٹھیں ہے ،40لاکھ کپاس کی گانٹھیں درآمد کرنی پڑیں گی‘ عہدیداروں کی پریس کانفرنس

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ٹیکسٹائل برآمدات کی گروتھ کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لئے آئندہ 10سال کے لئے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے بجلی کی قیمت فی یونٹ 9سینٹ اور گیس کی قیمت فی ایم ایم بی ٹی یو 6.5ڈالر پر برقرار رکھی جائے ۔یہ مطالبہ آپٹما کے نومنتخب چیئرمین عبدالرحیم ناصر نے چیئرمین اپٹما ناردرن زون حامد زمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوںکے باعث ملک میں 100سے زائد ٹیکسٹائل ملیں لگ گئیں ہیں جن میں سے 50سے زائد ملیں اس سال دسمبر تک آپریشنل ہو جائیں گی اس وقت ملکی ٹیکسٹائل برآمدات کی گروتھ 20فیصد ہے اگر حکومت توانائی کی قیمتیں موجودہ سطح پر فکس کردے تو 10سال میں ٹیکسٹائل برآمدات کا 50ارب ڈالر کا ہدف آسانی سے حاصل ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3سال میں روپے کی قدر میں 25فیصد کمی ہوئی ہے برآمدات کے باعث روپے کی قدر میں زیادہ کمی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی ضرورت 1.5کروڑ کپاس کی گانٹھیں ہے اندازہ ہے کہ اس سال کپاس کی فصل اچھی ہو گی اور40لاکھ کپاس کی گانٹھیں درآمد کرنی پڑیں گی۔قبل ازیں سیکرٹری جنرل اپٹما محمد رضا باقر نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق گوہر اعجاز گروپ نے سال 2021-22کے لئے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے انتخابات بلامقابلہ جیت لئے ہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق عبدالرحیم ناصر اپٹما کے مرکزی چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں جبکہ جمیل قاسم اور عطا شفیع تنویر شیخ بالترتیب سینئر وائس چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ مرکز اور زونل سطح پر تمام نشستیں جیتنے کے بعد گوہر اعجاز گروپ نے لگاتار بارہویں مرتبہ اپٹما انتخابات جیت کر نہ صرف اپٹما بلکہ کسی بھی ٹریڈ آرگنائزیشن کی تاریخ میں ایک ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

نو منتخب چیئرمین اپٹما عبدالرحیم ناصر نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر 15.4ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل برآمدکرکے 23فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستر فیصد برآمدات ویلیو ایڈڈ سیکٹر سے ہوئی تھیں جو ایک بڑی پیشرفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران بھی ٹیکسٹائل برآمدات میں 29فیصد اضافہ ہوا ہے جو انتہائی حوصلہ افزا اضافہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف اگست کے مہینے پچھلے مالی سال کے ماہ اگست کے مقابلے میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 45فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ نئی پانچ سالہ ٹیکسٹائل پالیسی کا فی الفور اجرا ء اس سلسلے میں بہت معاون ثابت ہوگا جس کے بعد تین ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے ایکسپوررٹ میں چھے ارب ڈالر کا اضافہ اور تیس لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں